ایچ بی ایل اور ایس ایس جی سی کی ٹیمیں نیشنل ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں

احمدشہزاد کی 166 رنز کی دلکش اننگز

ہفتہ 31 دسمبر 2016 19:46

ایچ بی ایل اور ایس ایس جی سی کی ٹیمیں نیشنل ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 دسمبر2016ء) حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) کی ٹیمیں نیشنل ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کرکٹ کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ سیمی فائنلز میں ایچ بی ایل نے سوئی نادرن اور ایس ایس جی سی نے واپڈا کو شکست دی تھی، ایونٹ کا فائنل (کل) پیر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ایس این جی پی ایل نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے، عمران خالد نے 105 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، عمران بٹ 81 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، کپتان محمدحفیظ 49 رنز بنا سکے، عماد بٹ نے 3 جبکہ زوہیب خان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں ایچ بی ایل نے مطلوبہ ہدف 46.1 اوورز میں محض 4 وکٹوں پر حاصل کیا، کپتان احمد شہزاد نے 166 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، فخر زمان 61 رنز بنا دوسرے نمایاں بلے باز رہے، عزیزاللہ، بلاول بھٹی، عمران خالد اور صداقت علی نے ایک، ایک وکٹ لی، دوسرے سیمی فائنل میں ایس ایس جی سی نے واپڈا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، واپڈا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں نو وکٹوں پر 145 رنز بنائے، عامر سجاد نے 43 رنز بنائے، کپتان سلمان بٹ صرف 3 رنز ہی بنا سکے، احمدجمال، ظفرگوہر اور شعیب ملک نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں ایس ایس جی سی کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 29.3 اوورز میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا، اویس ضیاء نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، فواد عالم 34 اور شعیب ملک 33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

وقت اشاعت : 31/12/2016 - 19:46:04