ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں عمدہ پرفارمنس کے باوجود ون ڈے سکواڈ سے نظرانداز کئے جانے پر سخت مایوسی ہوئی، کامران اکمل

ہفتہ 31 دسمبر 2016 22:23

ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں عمدہ پرفارمنس کے باوجود ون ڈے سکواڈ سے نظرانداز کئے جانے پر سخت مایوسی ہوئی، کامران اکمل
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 دسمبر2016ء) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں عمدہ پرفارمنس کے باوجود آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ سے نظر انداز کئے جانے پر سخت مایوسی ہوئی۔

(جاری ہے)

کامران اکمل نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس قائداعظم ٹرافی اور نیشنل ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، قائداعظم ٹرافی میں وہ 1035 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے تھے جس میں ان کی 5 شاندار سنچریاں بھی شامل تھیں جبکہ ون ڈے کپ میں انہوں نے 361 سکورز کئے جس میں ان کی دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں میری کارکردگی کسی سے چھپی نہیں، میں نے ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے سخت محنت کی اور مجھے پورا یقین تھا کہ سلیکٹرز میری کارکردگی سے مطمئن ہو کر مجھے کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز میں ملک کی نمائندگی کا موقع دیں گے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا جس سے مجھے بہت تکلیف ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر مایوسی ضرور ہوئی لیکن میرے حوصلے بلند ہیں اور میں عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے پر عزم ہوں۔
وقت اشاعت : 31/12/2016 - 22:23:08