جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

پروٹیز کا 224 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو فتح کیلئے 507 رنز کا ہدف، سری لنکا نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 130 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کو فتح کیلئے 6 وکٹیں اور مہمان ٹیم کو 377 رنز درکار، میتھیوز اور چندیمل کی محتاط بیٹنگ

بدھ 4 جنوری 2017 23:23

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل
کیپ ٹائون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، پروٹیز کی میچ میں گرفت مضبوط ہے جبکہ سری لنکا پر شکست کے سیاہ بادل منڈلانے لگے ہیں، آئی لینڈرز نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 130 رنز بنائے تھے، آئی لینڈرز کو کامیابی کیلئے مزید 377 رنز اور پروٹیز کو 6 وکٹیں درکار ہیں، کپتان اینجلومیتھیوز 29 اور دنیش چندیمل 28 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فلینڈر اور ربادا نے 2، 2 وکٹیں لیں، قبل ازیں جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز 224 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو جیت کیلئے مجموعی طور پر 507 رنز کا ہدف دیا، ڈین ایلگر 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، سرنگا لکمل نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو کیپ ٹائون ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 35 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈین ایلگر 19 اور سٹیفن کک 15 رنز پر کھیل رہے تھے، تیسرے روز پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور میزبان ٹیم نے 224 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 507 رنز کا ہدف دیا، ڈین ایلگر 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، سٹیفن کک 30، ہاشم آملہ صفر، جے پی ڈومینی 30، باووما صفر اور ڈی کوک 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مہاراج 20 اور فلینڈر 15 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، سرنگا لکمل نے 4 جبکہ لاہیروکمارا اور رنگناہیراتھ نے ایک، ایک وکٹ لی، 507 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب کیلئے سری لنکن ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اس کے بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی، تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آئی لینڈرز نے 4 وکٹوں پر 130 رنز بنا لئے تھے اور اسے کامیابی کیلئے مزید 377 رنز جبکہ پروٹیز کو 6 وکٹیں درکار ہیں، کرونارتنے 6، کوشل سلوا 29، کوسل مینڈس 4 اور دھانن جایا ڈی سلوا 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، میتھیوز 29 اور چندیمل 28 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فلینڈر اور ربادا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 04/01/2017 - 23:23:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :