یونس خان کا منفرد کارنامہ، 11 ممالک میں ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے

پاکستانی بلے باز 34 سنچریاں بنا کر لارا، گواسکر اور جے وردھنے کے ہم پلہ ہو گئے

جمعرات 5 جنوری 2017 19:05

یونس خان کا منفرد کارنامہ، 11 ممالک میں ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء) قومی ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار بلے باز یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچری بنا کر تاریخ رقم کر دی، یہ ان کی آسٹریلوی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ 11 ممالک میں ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے، انہوں نے ڈریوڈ، جے وردھنے، سنگاکارا اور سابق ہم وطن بلے باز محمد یوسف کا ریکارڈ توڑ دیا، ان چاروں کھلاڑیوں کو 10 ممالک میں سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

اس کے علاوہ یونس متحدہ عرب امارات کے علاوہ 10 مستقل ممبر ممالک کے خلاف سنچریاں بنانے راہول ڈریوڈ کے بعد دوسرے بلے باز ہیں۔ ڈریوڈ کو متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ہی نہیں ملا تھا جبکہ یوسف، سنگاکارا اور جے وردھنے نے 10 ممالک میں سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ یونس کے کیریئر کی 34ویں سنچری ہے اور انہوں نے برائن لارا، مہیلاجے وردھنے اور سنیل گواسکر کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، اسطرح وہ زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر چھٹے بلے باز بن گئے ہیں، ٹیسٹ کی تاریخ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 51 سنچریاں بنا رکھی ہیں، جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے، رکی پونٹنگ 41 سنچریوں کے ساتھ تیسرے، کمارسنگاکارا 38 سنچریوں کے ساتھ چوتھے اور راہول ڈریوڈ 36 سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ یونس کینگروز کے خلاف آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 136 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔
وقت اشاعت : 05/01/2017 - 19:05:40

متعلقہ عنوان :