سڈنی ٹیسٹ کا تیسرا روز آسٹریلوی کھلاڑیوں پر بھاری رہا، میٹ رنشا زخمی اور میتھیوویڈ بیمار پڑ گئے

جمعرات 5 جنوری 2017 22:57

سڈنی ٹیسٹ کا تیسرا روز آسٹریلوی کھلاڑیوں پر بھاری رہا، میٹ رنشا زخمی اور میتھیوویڈ بیمار پڑ گئے

سڈنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء) آسٹریلوی کرکٹرز کیلئے پاکستان کے خلاف جاری آخری ٹیسٹ کا تیسرا روز بھاری رہا، اوپننگ بلے باز میٹ رنشا فیلڈنگ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز میتھیوویڈ بیمار پڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل شروع ہوا تو صرف 2 اوورز بعد ہی وکٹ کیپر میتھیو ویڈ بیمار پڑ جانے کی وجہ سے میدان سے باہر چلے گئے اور ان کی جگہ پیٹر ہینڈز کومب نے وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سنبھالی، آسٹریلوی ٹیم ڈاکٹر پیٹر برکنر نے بتایا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں امید ہے کہ ویڈ چوتھے روز سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے، بعدازاں پاکستانی اننگز کے 77ویں اوور میں میٹ رنشا فیلڈنگ کرتے ہوئے ہیلمٹ پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے لیکن خوش قسمتی سے وہ بڑی انجری سے بچ گئے۔

(جاری ہے)

سٹیو او کیفی کی گیند پر سرفراز احمد نے زور دار سوئپ شاٹ کھیلا جو شارٹ فائن لیگ پر کھڑے فیلڈر رنشا کے ہیلمٹ پر جا لگا، دو اوورز بعد رنشا نے سر میں تکلیف کی شکایت کی اور انہیں بھی میدان سے باہر جانا پڑا۔ واضح رہے کہ رواں ٹیسٹ میں دو مرتبہ گیند رنشا کے ہیلمٹ پر لگ چکی ہے، اس سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے محمدعامر کا زوردار بائونسر رنشا کے ہیلمٹ پر لگا تھا لیکن وہ انجری سے محفوظ رہے تھے۔

وقت اشاعت : 05/01/2017 - 22:57:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :