آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم کی شکست سے حیرت نہیں ہوئی، آئی سی سی اجلاس میں پی سی بی دبائو ڈالے تو بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں واپس آسکتی ہے۔ سابق کپتان شاہد آفریدی

جمعہ 6 جنوری 2017 23:00

آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم کی شکست سے حیرت نہیں ہوئی، آئی سی سی اجلاس میں پی سی بی دبائو ڈالے تو بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں واپس آسکتی ہے۔ سابق کپتان شاہد آفریدی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کی شکست سے حیرت نہیں ہوئی، آئی سی سی کے اجلاس میں پی سی بی دبائو ڈالے تو بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں واپس آسکتی ہے، کرکٹ کے فروغ کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

لیجنڈری کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ عوام سے اتنا پیار ملا کہ اب انہیں کسی الوداعیہ کی ضرورت نہیں۔ آسٹریلیا میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی شکست سے حیرت نہیں ہوئی کیونکہ پاکستان میں جو ڈومیسٹک نظام ہے اس سے صرف یو اے ای میں ہی کرکٹ میچز جیتے جاسکتے ہیں، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے آئی سی سی کے اجلاس میں پی سی بی کو آواز اٹھانا ہوگی، حالات بہتر ہورہے ہیں، آئی سی سی کے اجلاس میں پی سی بی دبائو ڈالے تو بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں واپس آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خود کو پاکستان میں ٹی ٹونٹی کا سب سے بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ٹیلنٹ آئے گا نہیں تو کرسی کون چھوڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ سابق کرکٹرز کو صرف پاکستان ٹیم نظر آتی ہے، جونیئر ٹیموں کو کوئی سابق کرکٹرز لینے کو تیار نہیں کیونکہ وہاں پیسہ اور میڈیا نہیں ہے۔ سندھ کے کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت پر کئے گئے سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ سندھ میں پینے کا پانی میسر نہیں، وہاں کرکٹ کیسے ہوگی، کرکٹ کے فروغ کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔
وقت اشاعت : 06/01/2017 - 23:00:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :