ہسپانوی لالیگا،ریال میڈرڈ نے گرنیڈا کو 5-0 سے شکست دیدی ، پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم

سٹار فٹبالر کرسٹینا رونالڈو کو چوتھے بیلون آف ائیر کے ایوارڈ سے نوازا گیا رونالڈو اور لوئس فیگو نے بھی میچ دیکھا

ہفتہ 7 جنوری 2017 23:00

ہسپانوی لالیگا،ریال میڈرڈ نے گرنیڈا کو 5-0 سے شکست دیدی ، پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم
میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2017ء) ریال میڈرڈ نے گرنیڈا کو 5-0 سے شکست دے کر ہسپانوی لالیگا میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن کو مستحکم کرلیا جبکہ میچ کے سٹار فٹبالر کرسٹینا رونالڈو کو چوتھے بیلون آف ائیر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہفتے کے روز سپینش لیگ میں میزبان ریال میڈرڈ اور گرنیڈا کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ میچ شروع سے ہی ریال میڈرڈ نے گرنیڈا کو دبائو میں رکھا اور 12 ویں منٹ میں ایسکو نے پہلا گول سکور کردیا۔

20 ویں منٹ میں کریم بنزما نے دوسرا ‘ کرسٹینارونالڈو نے تیسرا جبکہ 31 ویں منٹ میں ایسکو نے اپنا دوسرا اور ریال میڈرڈ کی جانب سے چوتھا گول سکور کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ریال میڈرڈ کی جانب سے 58 ویں منٹ میں جیمز روڈری گاس کی فری کک پر کاسا میرو نے فٹبال کو جال کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

میچ کے اختتام پر ریال میڈرڈ نے میچ باآسانی 5-0 سے اپنے نام کرلیا اور لائیگا میں اپنی پہلی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے میں کامیاب رہی۔

میچ شروع ہونے سے قبل سٹار فٹبالر کرسٹینارونالڈو کو سال کا بہترین کھلاڑی ہونے پر کیریئر کا چوتھا (بیلون آف دی ائیر) ایوارڈ دیا گیا۔ میچ کو دیکھنے کیلئے دنیا کے لیجنڈ برازیلین فٹبالر رونالڈو اور پرتگال کے لوئس فیگو بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ کرسٹینارونالڈو سے قبل ریال میڈرڈ کی جانب سے بیلون آف دی ائیر کا ایوارڈ زیڈان ‘ لوئس فیگو‘ مائیکل اووین ‘ کیناوارو اور کاکا نے حاصل کیا تھا۔ (عابد شاہ)
وقت اشاعت : 07/01/2017 - 23:00:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :