ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ، کین ولیمسن نے تینوں فارمیٹس میں ٹاپ فائیو میں جگہ بنا لی

منرو 20 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 19ویں نمبر پر آ گئے، مستفیض الرحمان 10 درجے ترقی پا کر ٹاپ رینکنڈ بنگلہ دیشی بائولر بن گئے

منگل 10 جنوری 2017 22:50

ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ، کین ولیمسن نے تینوں فارمیٹس میں ٹاپ فائیو میں جگہ بنا لی
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2017ء) نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز کین ولیمسن ترقی پاتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں ٹاپ فائیو میں شامل ہو گئے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے تینوں فارمیٹس میں ٹاپ فائیو میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا، وہ اس وقت کوہلی کے بعد دوسرے کھلاڑی ہیں جو تینوں فارمیٹس میں ٹاپ فائیو میں موجود ہیں، ولیمسن ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے اور ون ڈے میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں، کولن منرو 20 درجے لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، مستفیض الرحمان 10 درجے ترقی پا کر ٹاپ رینکنڈ بنگلہ دیشی بائولر بن گئے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی پہلے، فنچ دوسرے، میکسویل تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، ولیمسن بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں دو نصف سنچریاں سکور کر کے دو درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے، کولن منرو جنہوں نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی 20 درجے چھلانگ لگا کر 19ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں عمران طاہر سرفہرست ہیں، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان 10 درجے ترقی پا کر دسویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ شکیب الحسن بھی تین درجے بہتری کے ساتھ 14ویں سے 11ویں نمبر پر آ گئے، مچل سینٹنر اور ایش سودی نے بھی کیریئر بہترین رینکنگ حاصل کرتے ہوئے ٹاپ ٹونٹی میں جگہ بنا لی، سینٹنر 18ویں اور سودی 19ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں میکسویل کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

وقت اشاعت : 10/01/2017 - 22:50:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :