کولمبو میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالی قومی ٹیم کے اعزا ز میں تقریب منعقد نہ کروانے پر ‘ڈاکٹر عاطف بشیر قدیر بشیر اور طاہر کا اظہار افسوس

جمعہ 13 اکتوبر 2006 15:26

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین13اکتوبر2006)قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان و اولمپئن ڈاکٹر عاطف بشیر ‘انٹر نیشنل کھلاڑی قدیر بشیر اور ایم طاہر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کولمبو میں ساؤتھ ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں میں بھارت کو ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کرنے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ابھی تک حکومت اور فیڈریشن کی طرف سے کھلاڑیو ں کے اعزا ز میں تقریب منعقد نہ ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ساؤتھ ایشن گیمز میں پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں متعلقہ کھیلوں کی فیڈریشن تقاریب منعقد کر کے اپنی طرف سے کیش ایوارڈ دے رہی ہیں مگر ہاکی کے کھلاڑیوں کو ابھی تک کوئی بھی نہیں پوچھ رہا ۔

ایم طارق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایسی صورت میں قومی کھیل کسطرح ترقی کریگا؟قدیر بشیر نے پی ایچ ایف کے صدر اور سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی صدر پاکستان پرویز مشرف اور وزیر اعظم شوکت عزیز سے ملاقات کرائیں تا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور جب تک یہ ملاقات نہیں ہوتی اس سلسلے میں پی ایچ ایف گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے اپنی طرف سے کیش انعامات کا اعلان کرے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دیگر فیڈریشنوں نے اپنے کھلاڑیوں کو کیش ایوارڈ یئے ان میں فٹبال ‘کراٹے ‘تائیکوانڈو ‘ سکواش اور ریسلنگ شامل ہیں ۔ ایم طارق نے مزید کہا کہ ہماری قومی ٹیم (سینئر ) کامستقبل اے ٹیم کے کھلاڑیوں پر ہے ۔ اگر ان کھلاڑیوں کی جیت پر کسی صورت میں حوصلہ افزائی نہیں ہو گی تووہ کسطرح دلجمی سے اپنا کھیل جاری رکھ سکیں گے ۔
وقت اشاعت : 13/10/2006 - 15:26:17