بھارتی کرکٹ بورڈ سابق کپتان محمد اظہرالدین کو خصوصی تقریب میں اعزاز سے نوازے گا

جمعہ 13 اکتوبر 2006 21:12

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر۔2006ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد اظہرالدین کو آئندہ ماہ ایک خصوصی تقریب میں اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اظہرالدین پر میچ فکسنگ کے الزام میں تاحیات کھیلنے پر پابندی عائد ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے محمد اظہرالدین نے کہا کہ انہیں اس اعزاز سے خوشی ہوگی لیکن ابھی تک انہیں باضابطہ طور پر کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے اس لیے وہ اس کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہ سکتے ہیں۔

انڈین کرکٹ بورڈ نے اظہرالدین کو اعزاز دینے کے اپنے فیصلے کو صحیح ٹھہرایا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری نرنجن شاہ نے ایک خبر رساں ادارے کو بتایاہم ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سبھی کپتانوں کو ان کی خدمات کے لیے نواز رہے ہیں۔،انہوں نے کہا کہ اظہرالدین کا نام بھی ان کپتانوں کی فہرست میں ہے اور یہ اعزاز انہیں کرکٹ میں ان کی خدمات کے لیے دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بورڈ کو نہیں لگتا کہ اس میں کوئی غلط بات ہے۔،اظہرالدین کے ساتھ اجے شرما پر بھی پابندی لگائی گئی تھی۔ جبکہ اجے جڈیجہ اور منوج پربھاکر کو پانچ برس کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔کرکٹ بورڈ کے اس پروگرام میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور بی سی سی آئی کے سابق چیئرمین جگموہن ڈالمیا بھی موجود ہوں گے۔اگر یہ اعزاز دیا گیا تو پابندی عائد کیے جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب اظہر کرکٹ بورڈ کے کسی پروگرام میں شریک ہوں گے اور اسے بورڈ کے رویے میں نرمی سے بھی تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

چند مہینے قبل اظہرالدین نے بورڈ سے یہ درخواست کی تھی کہ ان کے خلاف پابندی میں نرمی کی جائے کیونکہ انہیں ’اپنی زندگی چلانے میں بھی دقت پیش آرہی ہے۔،خود ڈالمیا کے خلاف 1998 میں آئی سی سی کے دور درشن کے نشریاتی حقوق کے معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو سی بی آئی جانچ کر رہا ہے۔
وقت اشاعت : 13/10/2006 - 21:12:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :