قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ پاکستان واپڈا اویس زاہد نے جیت لی

منگل 17 جنوری 2017 23:22

قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ پاکستان واپڈا اویس زاہد نے جیت لی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ پاکستان واپڈا نے جیت لی، پاکستان واپڈا کے اویس زاہد نے مینز سنگلز کے ٹائٹل کا دفاع کیا جبکہ ماہور شہزاد ویمنز سنگلز کی نئی قومی چیمپئن بن گئیں ، مینز ڈبلز میں واپڈا کے حافظ عرفان اور عظیم سرور نے میدان مارلیا، ویمنز ڈبلز میں واپڈا کی ہما اور سحر اکرم نے کامیابی حاصل کی، مکسڈ ڈبلز میں صبا رشید اور عظیم سرور نے فتح کو گلے لگالیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منگل کو منعقدہ 54 ویں قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ پاکستان واپڈا نے جیت لی۔ چیمئن شپ کے آخری روز مینز سنگلز کے دفاعی چیمپئن اویس زاہد نے حافظ عرفان کو باآسانی 2-0 سے شکست دیکر اپنا اعزاز برقرار رکھا انہوں نے 23-21 اور 21-19 سے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

ویمنز سنگلز میں واپڈا کی ماہور شہزاد نئی قومی چیمپئن بن گئیں فائنل میں انہیں دفاعی چیمپئن پلوشہ بشیر کے خلاف واک اوور دیدیا گیا پلوشہ بشیر بخار کی وجہ سے میچ نہ کھیل سکیں۔ مینز ڈبلز میں عظیم سرور اور حافظ عرفان سعید نے مد مقابل اویس زاہد اور عتیق چوہدری کو 2-1 سے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ ویمنز ڈبلز میں واپڈا کی ہما اور سحر اکرم نے ماہور شہزاد اور سارہ مہمند کو 2-1 سے مات دیدی۔

مکسڈ ڈبلز میں صبا رشید اور عظیم سرور پر مشتمل جوڑی نے وقاص اور صائمہ کو باآسانی 2-0 سے ہرا دیا ۔ ٹیم ایونٹ کے فائنل میں واپڈا پہلے ہی کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی شمیم فربو نے انعامات تقسیم کئے جبکہ ان کے ہمراہ آفتاب لودھی، فیصل علی، افتخار حسین، ریحان حنیف اور دیگر بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 17/01/2017 - 23:22:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :