بال کڈ نمبر 180کا ٹینس سٹار جوولفریڈ سونگا کے نام خط

منگل 24 جنوری 2017 11:54

بال کڈ نمبر 180کا ٹینس سٹار جوولفریڈ سونگا کے نام خط

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2017ء) عالمی نمبر12 فرانسیسی ٹینس اسٹار جوولفریڈ سونگا نے گزشتہ سال آسٹریلین اوپن میں بال گرل کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد رواں ٹورنامنٹ میں ان کا خط جاری کردیا ہے۔ ایک رپورٹ مطابق آسٹریلین اوپن 2016 کے دوسرے مرحلے کے ایک میچ میں جوولفریڈ سونگا اپنے کھیل میں مصروف تھے کہ انھوں نے دیکھا کہ بال گرل کی آنکھوں سے گیند لگنے کے باعث آنسوجاری تھے جس کے بعد انھوں نے کھیل کو روک کر لڑکی کو کورٹ سے باہر جانے میں مدد کی۔

سونگا نے ایک سال بعد جولیانا کی جانب سے شکریہ کے طورپر لکھے گئے خط کو ٹویٹر کے ذریعے جاری کردیا۔جولیانا نے خط میں عالمی نمبر12 ٹینس اسٹار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے۔'میں دوسرے مرحلے کے میچ میں کورٹ سے باہر جانے کے لیے مدد کرنے پر آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی تھی، مجھے یقین نہیں ہے کہ شاید آپ کو میں یاد ہوں لیکن میں بال گرل تھی اور آپ نے کورٹ سے باہر جانے کے لیے مجھے سہارا دیا تھا'۔

(جاری ہے)

جولیانا نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ 'میں اس بات پر بھی معذرت کرنا چاہتی ہوں کہ جس وقت آپ نے مجھے گیند دینے کے لیے کہا تھا تو میں ایسا نہیں کرپائی تھی یا آپ کی بات مان نہیں پائی تھی'۔'میں بال گرل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکامی پر بھی معذرت چاہتی ہوں کہ کیونکہ اعلیٰ سطح کی کارکردگی کی توقع کی جاتی ہی'۔بال گرل نے سونگا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'میرے ساتھ مہربانی کے ساتھ پیش آنے پر آپ کا شکریہ، میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ آپ نے محسوس کیا کہ مجھے مدد کی ضرورت ہے اور بڑی بات یہ تھی کہ آپ نے مجھے کورٹ سے باہر جانے کے لیے سہارا بھی دیا'۔

واضح رہے کہ سونگا نے گزشتہ روز اپنے میچ میں برطانیہ کے ڈین ایوانز کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی ہے جہاں ان کا مقابلہ 2014 کے چمپیئن اسٹین واورینکا سے ہوگا۔۔

وقت اشاعت : 24/01/2017 - 11:54:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :