ویسٹ انڈین آل رائونڈرآندرے رسل کی قسمت کا فیصلہ 31جنوری کو ہوگا،2سال پابندی کا امکان

منگل 24 جنوری 2017 16:40

ویسٹ انڈین آل رائونڈرآندرے رسل کی قسمت کا فیصلہ 31جنوری کو ہوگا،2سال پابندی کا امکان

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء)ویسٹ انڈیز کے اسٹار ٹی ٹوئنٹی آل رائونڈ آندرے رسل کی ڈوپنگ کیس میں قسمت کا فیصلہ 31جنوری کو متوقع ہے جہاں اسٹار آل رائونڈر پر دو سال پابندی کا خدشہ ہے۔دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ٹیم کی فتح کی ضمانت سمجھے جانے والے آندرے رسل انسداد ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر مشکل میں نظر آ رہے ہیں اور ان پر پابندی لگائے جانے کا امکان ہے۔

اینٹی ڈوپنگ کمیشن نے رسل سے تین مرتبہ رابطہ کیا لیکن آل را ئونڈر کی جانب سے مسلسل کوئی جواب نہ دینے اور ڈوپنگ سیمپل نہ دینے پر کاروائی عمل میں لائی گئی۔عالمی ڈوپنگ قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی 12ماہ کے عرصے میں تین مرتبہ بلانے پر بھی ٹیسٹ کیلئے حاضر نہ ہو تو اسے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام تصور کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈوپنگ الزامات عائد کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ رسل کو ان کے گھر فون اور دیگر طریقوں سے یاد دہانی کرائی گئی لیکن انہوں نے اس کو نظرانداز کیا۔

جواب میں رسل نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیس کیلئے صحیح طریقے تیاری نہیں کی۔سماعت کے بعد آندرے رسل کے کیس پر فیصلہ 31 جنوری تک متوقع ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ، کولکتہ نائٹ رائیڈرز، سڈنی تھنڈرز سمیت دنیا بھر کی بڑی لیگ میں ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ آندرے رسل اہم ترین کھلاڑی تصور کیے جاتے ہیں۔

وقت اشاعت : 24/01/2017 - 16:40:46