کینگروز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 4-1 سے شکست، اظہرعلی کو کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان، سرفراز قیادت کیلئے مضبوط ترین امیدوار

جمعرات 26 جنوری 2017 23:42

کینگروز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 4-1 سے شکست، اظہرعلی کو کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان، سرفراز قیادت کیلئے مضبوط ترین امیدوار
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 4-1 سے شکست کے بعد اظہرعلی کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے امکانات مزید بڑھ گئے، ٹی ٹونٹی قائد سرفراز احمد ون ڈے ٹیم کی قیادت کیلئے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پہلے ہی ٹیم کی متواتر ناکامیوں کے سبب اظہرعلی کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے فیصلہ کر چکا ہے لیکن اس بات کا باضابطہ اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے 2015ء میں اظہرعلی کو ون ڈے ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سونپی تھی لیکن وہ اپنے فرائض بخوبی نبھانے میں ناکام نظر آئے، اظہر علی ٹیسٹ میں تو بیحد کامیاب ہیں مگر ان کا انداز جدید ون ڈے کرکٹ سے مطابقت نہیں رکھتا، ان کی زیر قیادت گرین شرٹس نے مجموعی طور پر 31 ون ڈے میچز کھیلے جن میں سے گرین شرٹس صرف 12 میں فتح یاب رہی، 18 میں سے اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا تھا۔

(جاری ہے)

اظہر کی قیادت میں گرین شرٹس دس ون ڈے سیریز میں سے پانچ میں کامیاب رہی، پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف دو جبکہ آئرلینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک، ایک سیریز جیتی۔ ان کے دور میں ٹیم رینکنگ میں بدترین نویں پوزیشن پر گئی اور اس وقت آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ آٹھویں پوزیشن پر رہنے کے باوجود گرین شرٹس کی ورلڈکپ 2019ء میں میں براہ راست شرکت پر تاحال سوالیہ نشان عائد ہے۔
وقت اشاعت : 26/01/2017 - 23:42:50