لیزر لیگس کے نمائشی فٹ بال میچ میں کلیم الله سیون نے عیسیٰ خان سیون کو شکست دے دی

منگل 31 جنوری 2017 00:01

لیزر لیگس کے نمائشی فٹ بال میچ میں کلیم الله سیون نے عیسیٰ خان سیون کو شکست دے دی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2017ء) لیزر فٹ بال لیگس کو متعارف کرانے کے سلسلے میں ایک نمائشی میچ میں کلیم الله سیون نے عیسیٰ خان سیون کو 2-0 سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کی۔ لیزر لیگس کا باقاعدہ آغاز کراچی، لاہور اور اسلام آبادسے بیک وقت مارچ 2017ء میں کیا جائے گا جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلئے لیزر لیگس کی پوری ٹیم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھارہی ہے۔

لیزر لیگس کے نمائشی میچ کے انعقاد کا مقصد کھلاڑیوں اور شائقین کو مذکورہ لیگس کے ٹیکنکل رولز کو ہر سطح پر روشناس کرانا ہے۔ کراچی یونائیٹڈ فٹ بال اسٹیڈیم کلفٹن کی آسٹروٹرف پر فلڈ لٹ میں کھیلے جانے والے سنسنی خیز میچ میں دونوں ٹیمیں پاکستان فٹ بال کے موجودہ سپر اسٹارز سے سجی تھیں۔

(جاری ہے)

کلیم الله سیون ٹیم کی قیادت کلیم اللهکے سپرد تھی دیگر کھلاڑیوں میں محمدعادل، احمد، احسان الله، ثاقب ضیاء، ابرار (کے آر ایل)، سعد الله (سدرن گیس) اور انٹرنیشنل وومن فٹ بالر حاجرہ خان جبکہ عیسیٰ سیون ٹیم کی قیادت عیسیٰ خان کررہے تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں محمد رسول، محمود خان، ریاض، مرتضیٰ ،غلام نبی(کے الیکٹرک) عبدالعزیز(نیشنل بینک) ،یاسر آفریدی (کے آر ایل ) اور انٹر نیشنل وومن فٹ بالر سہیلہ بھی شامل تھیں۔ افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی سینیٹر روبینہ عرفان، نائب صدر، پاکستان فٹ بال فیڈریشن جبکہ صدر تقریب کی نشست سید خادم علی شاہ، صدر، سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن نے سنبھالی۔

سینیٹر روبینہ عرفان اور سید خادم علی شاہ نے مشترکہ طور پر لیزر لیگس کی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کا مکمل تعاون انہیں حاصل رہے گا۔ میچ کے اختتام پر سینینر روبینہ عرفان اور سید خادم علی شاہ نے معزز مہمانوں، ڈسٹرکٹ آفیشلز و دیگر میں لیزر لیگ کی جانب سے تحائف پیش کئے۔ بعد ازاں فاتح ٹیم کے کپتان کلیم الله اور رنر اپ ٹیم کپتان عیسیٰ خان نے مہمان خصوصی سے ونر اور رنر ٹرافی وصول کی۔
وقت اشاعت : 31/01/2017 - 00:01:31