روالپنڈی میں پہلی فلڈلائٹس وومن کرکٹ کوچنگ اکیڈیمی کا افتتاح کر دیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کرکٹ کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں‘ ظہیرعباس

پیر 6 فروری 2017 20:39

روالپنڈی میں پہلی فلڈلائٹس وومن کرکٹ کوچنگ اکیڈیمی کا افتتاح کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) لیجنڈ کرکٹر اور ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرکٹ کے فروغ کے لئے کرکٹ اکیڈمیز کا قیام خوش آئندہے ان اکیڈمیز کے قیام سے پنجاب بھر میں نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ ان خیالات کا اظہاروقار النسا ء کالج راولپنڈی میں جدید طرز پر بننے والی دوسری وومن کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

اس موقع پرچیئرمین سٹیرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی ،ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر فرید شاہ اورڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر وحید بابر بھی موجود تھے، افتتاحی تقریب میں وقار النسا ء کالج کی پرنسپل کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کرکٹ کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں،7نومبر 2016ء کو راولپنڈی میں پہلی کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح کیاتھااور آج وومن کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیئرمین سٹیرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کہا ہے خواتین کیلئے پہلی فلڈلائٹس کرکٹ کوچنگ اکیڈمی قائم کی گئی ہے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس کی ترقی اور فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے اہم منصوبے شروع کئے ہیں،کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز کے قیام سے خواتین میں خوداعتمادی پیداہوگی وہ کھیلوں کی سرگرمیوںمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی، اس کے علاوہ پنجاب کے ہر شہر میں سپورٹس گرائونڈز تعمیر کئے جارہے ہیں ، جس سے وہ اپنے ٹیلنٹ کو مزید نکھار سکیں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو ہر طرح سے سہولتیں فراہم کرتا رہے گا۔
وقت اشاعت : 06/02/2017 - 20:39:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :