شعیب اختر اور محمد آصف کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنا ایک افسوس ناک بات ہے‘ نسیم اشرف،پی سی بی اس معاملے سے نمٹنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے رہا ہے جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر ز اور وکلاء کو شامل کیاجائے گا،کمیٹی دونوں کھلاڑیوں کے بیانات سننے اور شہادتوں کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کریگی ‘ پی سی بی اس رپورٹ کی روشنی میں ان کرکٹرز پر پابندی عائد کرنے یا نہ کرنے بارے فیصلہ کریگا‘ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی پریس کانفرنس:

پیر 16 اکتوبر 2006 23:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر۔2006ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نسیم اشرف نے کہا ہے کہ شعیب اختر اور محمد آصف کے معاملے کو دیکھنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں بورڈ کوئی فیصلہ کرے گا۔ پیر کے روز یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ شعیب اختر اور محمد آصف کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنا ایک افسوس ناک بات ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے سے نمٹنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے رہا ہے جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور وکلاء کو شامل کیا جائے گا یہ کمیٹی محمد آصف اور شعیب اختر کے بیانات سننے او رشہادتوں کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔

نسیم اشرف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس رپورٹ کی روشنی میں ان کرکٹرز پر پابندی عائد کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریک سے خارج نہیں کیاجا رہا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں نسیم اشرف نے کہا کہ کھلاڑیوں نے منشیات کا استعمال نہیں کیا ہے بلکہ ممنوعہ ادویات استعمال کی ہیں ۔

پی سی بی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شعیب اور آصف جیسے ’میچ وننگ‘ باوٴلروں کی عدم موجودگی سے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کے امکانات پر یقیناً برا اثر پڑے گا۔پی سی بی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ ڈوپنگ ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اور یہ ہماری ذمہ داری تھی کہ اس معاملے کو دنیا کے سامنے لائیں۔ ’ایسے معاملات میں غلط بیانی نہیں کی جا سکتی، اب ان کھلاڑیوں کو والدہ کی بیماری کا بہانہ بنا کر تو واپس نہیں بلوایا جا سکتا تھا‘۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیئے ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جس میں ایک ڈاکٹر، ایک وکیل اور ایک سابق ٹیسٹ کرکٹر شامل ہونگے۔نسیم اشرف کا کہنا تھا کہ اس کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد ہی دونوں کھلاڑیوں پر پابندی لگانے کے بارے فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران شعیب اور آصف معطل رہیں گے لیکن بورڈ کے ساتھ ان کا سنٹرل کونٹریکٹ بحال رہے گا۔

آئی سی سی کے قانون کے مطابق شعیب اور آصف کے متبادل کھلاڑیوں کو اس وقت ہی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے جب ان دونوں کھلاڑیوں پر پابندی لگا دی جائے۔ پابندی کے اعلان کے بعد ہی آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی ٹورنامنٹ سے قبل پی سی بی کی جانب سے دی جانے والی تیس کھلاڑیوں کی فہرست سے متبادل کھلاڑیوں کی شمولیت کی اجازت دے سکتی ہے۔ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ منگل کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی اور انضمام الحق کی غیر موجودگی اور اب ان دونوں بالروں کی پاکستان واپسی کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی کامیابی کے آثار معدوم ہو گئے ہیں۔
وقت اشاعت : 16/10/2006 - 23:17:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :