ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے ریکارڈ 373 رنز اسکور کرتے ہوئے سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیدیا

ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی ،ْ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹیں کھو کر 191 رنز ہی بناسکی قومی ٹیم (آج) اپنا آخری لیگ میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی

بدھ 8 فروری 2017 22:41

ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے ریکارڈ 373 رنز اسکور کرتے ہوئے سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیدیا
الور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے ریکارڈ 373 رنز اسکور کرتے ہوئے میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دے دیا۔کرناٹکا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے اوپنرز کی جارحانہ اننگز کی بدولت ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ تشکیل دیا، گرین شرٹس نے مقرررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 373 رنز بناتے ہوئے میگا ایونٹ میں اپنا ہی ریکارڈ بہتر کیا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ 2012 میں بھی گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی 364 رنز سکور کرکے میگا ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا تھا۔پاکستانی اوپنر محمد جمیل 36 گیندوں پر 20 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہو گئے ،ْ دوسرے اوپنر ریاست خان سنچری سے 6 رنز کی دوری پر رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 32 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

دیگر کھلاڑیوں میں محمد ظفر 46، محسن خان 32، مطیع اللہ 27 اور عامر اشفاق 24 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں اسکورر رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے گنیش متھرا سنگھ اور اینتھونی فٹزگیرالڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔374 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹیں کھو کر 191 رنز ہی بنا پائی، اس طرح پاکستان نے میچ میں 182 رنز سے کامیابی سمیٹی۔

ڈینیئل ڈیبویا 59 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ اورن فلپ نے 36 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد نواز، محمد اکرم، ریاست خان، انیس جاوید اور محسن خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا، 4 کیرینین بیٹسمین رن آؤٹ ہوئے۔گرین شرٹس کی میگا ایونٹ میں یہ مسلسل آٹھویں فتح ہے، اس سے قبل وہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ، روایتی حریف بھارت، سری لنکا، نیپال، جنوبی افریقا اور بنگلا دیش کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کر چکے ہیں۔ قومی ٹیم جمعرات کو اپنا آخری لیگ میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 08/02/2017 - 22:41:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :