شرجیل خان اور خالد لطیف کو ورغلانے والے بکی یوسف کا پتہ چل گیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 12 فروری 2017 22:07

شرجیل خان اور خالد لطیف کو ورغلانے والے بکی یوسف کا پتہ چل گیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12فروری۔2017ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو داغدار کرنے والا شخص بے نقاب ہو گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق یوسف نامی اس بکی کا تعلق لاہور سے ہے اور یہ ایک این جی او کیلئے بھی کام کرتا ہے جبکہ بکی یوسف انٹرنیشنل بیٹنگ نیٹ ورک کا اہم رکن ہے،یہ شخص انڈین سٹہ نیٹ ورک میں بھی کام کرتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق یوسف نے خالد لطیف اور شرجیل خان سے شیخ زید روڈ پر واقع ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا جہاں دونوں کھلاڑیوں کا بھارتی شہری بکی این جی سے تعارف کروایا گیا جو بکیز کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے رابطہ رکھتا ہے،دونوں کھلاڑیوں کو مخصوص بیٹ گرپس بھی دی گئیں تاکہ میدان میں موجود مافیا کو”اپنے بندوں“ کا علم ہوسکے، سپاٹ فکسنگ کرنیوالوں کا سنڈیکیٹ ایک سے زائد افراد پر مشتمل ہے ،اس سنڈیکیٹ میں غیر ملکی بھی شامل ہیں ، اس ڈیل کے بیچ میں ایک سابق کرکٹر بھی شامل تھا جو ورلڈ کپ 2015ءکے سکواڈ میں شامل رہ چکا ہے تاہم اب پردے کے پیچھے بیٹھ کر ڈوریاں ہلا نے والے اس مداری کا نام ابھی سامنے نہیں لایا گیا ہے ،ایک کھلاڑی پی ایس ایل کے پہلے میچ میں سپاٹ فکسنگ کر بھی چکا تھا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق یوسف کے پاکستان سمیت دیگر بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی تعلقات ہیں اور اس سکینڈل کے سامنے آنے کے بعد وہ مبینہ طور پر دبئی چھوڑ چکا ہے ۔ یاد رہے کہ یوسف مبینہ طور پر وہی شخص ہے جس کے ساتھ شرجیل خان اور خالد لطیف کی ملاقاتوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ایکشن لیا اور دونوں کو پاکستان سپر لیگ سے فوری طور پر معطل کر کے وطن واپس بھجوایا گیا اور مزید کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کی گئی،پی ایس ایل سے معطل کھلاڑیوں کو 2 سے 3 دن میں مکمل چارج شیٹ دے دی جائے گی ۔

وقت اشاعت : 12/02/2017 - 22:07:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :