شعیب اختر اور محمد آصف کے پیشاب کا بی ٹیسٹ ملائیشیا کی لیباٹری میں سر بمہر ہے ،پاکستان کرکٹ بورڈ

منگل 17 اکتوبر 2006 20:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر۔2006ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے واضح کیا ہے کہ فاسٹ بولر شعیب اختر اور محمد آصف کے پیشاب کا بی ٹیسٹ ملائیشیا کی لیباٹری میں سر بمہر ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر ڈاکٹر نسیم اشرف کے پرسنل سٹاف آفسر عامر بلال نے پی سی بی کے صدر کا حوالہ دیتے ہوئے ایک برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ محمد آصف اور شعیب اختر کے پیشاب کے بی ٹیسٹ ابھی نہیں ہوا ہے اورنمونے ملائیشیا کی لیباٹری میں سر بمہر ہیں۔

دونوں سیمپل ، اے اور بی ، ایک ہی وقت میں لیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دوسرا ٹیسٹ اسی وقت کیا جائے جب اس معاملے کا جائزہ لینے والی کمیٹی کا اجلاس ہو گا۔ انہوں نے کہا ڈوپنگ کے تنازعے کا جائزہ لینے کے لیئے کمیٹی اگلے چوبیس گھنٹے میں تشکیل دے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہ کمیٹی تمام معاملات دیکھے گے اور دوسرا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ بھی کمیٹی ہی کرے گی۔

پی سی بی کے صدر نے یہ اطلاع اپنے سٹاف آفیسر کے ذریعے دی کیونکہ وہ خود وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔شعیب اختر اور آصف کی بی رپورٹ کے بارے میں ذرائع ابلاغ میں ابہام پایا جاتا ہے کہ آیا جس رپورٹ کی تصدیق کا اعلان پی سی بی کے صدر نے سوموار کے روز کیا تھا کیا وہ در اصل اے رپورٹ ہی کی دوبارہ تصدیق تھی یا بی سپیمل کا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔

کرکٹ بورڈ کے صدر نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ شعیب اختر اور محمد آصف کے ٹیسٹ مثبت پائے گئے اور جب لیباٹری کو دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا کہا گیا تو انہوں نے پھر اس کی تصدیق کر دی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نسیم اشرف نے کہا تھا کہ انہیں پندرہ منٹ پہلے زبانی بتایا گیا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی پازیٹو ہے۔ جس کی وجہ سے ذرائع ابلاغ میں ابہام پیدا ہوا۔

نسیم اشرف کے سٹاف افسر نے واضح کیا ہے کہ بی سیمپل کا ٹیسٹ ہونا باقی ہے۔بی سیمپل کی پازیٹو رپورٹ آنے کی صورت میں کھلاڑی پر کم از کم ایک جبکہ زیادہ سے زیادہ دو سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بی سیمپل کو ٹیسٹ کرنے کی ضرورت تب پیش آتی ہے جب کھلاڑی چیلنج کرتا ہے کہ اس نے کوئی غلط دوا نہیں لی ا ور ٹیسٹ غلط ہے۔
وقت اشاعت : 17/10/2006 - 20:22:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :