انگلش کائونٹی شائر ،ْشرجیل خان کے مستقبل بارے فیصلہ پی سی بی کی تحقیقات کا نتیجہ آنے کے بعد ہوگا

ہفتہ 18 فروری 2017 13:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) انگلش کرکٹ کاؤنٹی لیسٹر شائر شرجیل خان کے کاؤنٹی کے ساتھ مستقبل کے بارے میں فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جاری تحقیقات کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد کرے گی۔لیسٹر شائر کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ اس وقت وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہونے والی تحقیقات کے نتیجے کا انتظار کر رہے ہیں جس کے بعد ہی کاؤنٹی شرجیل خان کے بارے میں کوئی فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ لیسٹر شائر کاؤنٹی نے شرجیل خان سے اس سال ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا معاہدہ کر رکھا ہے لیکن سپر لیگ سکینڈل کے نتیجے میں شرجیل خان کا کیریئر خطرے سے دوچار ہوگیا ۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ بکیز سے روابط کے الزامات میں معطل کیے جانے والے پاکستانی کرکٹرز کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے تاہم جرم ثابت ہونے پر کڑی سے کڑی سزا دی جائیگی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز کے اگلے ہی دن بکیز سے روابط کے الزام میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کر کے وطن واپس بھیج دیا تھا۔شرجیل خان آسٹریلیا کے حالیہ دورے میں اپنی عمدہ بیٹنگ کے بعد ایک ایسے بیٹسمین کے طور پر سامنے آئے جنھیں مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگس اپنے ساتھ کھلانے میں دلچسپی رکھتی تھیں جن میں بگ بیش اور کیربیئن لیگ قابل ذکر ہیں۔شرجیل خان پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں یو بی ایل کی نمائندگی کرتے ہیں جس نے انھیں معطل کر دیا ہے۔
وقت اشاعت : 18/02/2017 - 13:35:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :