شارجہ میں چھکوں اور چوکوں کی برسات، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندر کو سنسنی خیز مقابلے میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا، پیٹرسن نے 8 چھکوں کی مدد سے 88 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، روئے، رضوان اور ڈیلپورٹ کی جارحانہ اننگز رائیگاں، پیٹرسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 18 فروری 2017 22:28

شارجہ میں چھکوں اور چوکوں کی برسات، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندر کو سنسنی خیز مقابلے میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا، پیٹرسن نے 8 چھکوں کی مدد سے 88 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، روئے، رضوان اور ڈیلپورٹ کی جارحانہ اننگز رائیگاں، پیٹرسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
شارجہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹو میں کیون پیٹرسن کی طوفانی اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندر کو سنسنی خیز مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی، قلندر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 200 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، جیسن روئے نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 رنز کی اننگز کھیلی، جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 7 گیندیں قبل 5 وکٹوں پر پورا کیا، کوئٹہ کو کامیابی کیلئے آخری 4 اوورز میں 63 رنز درکار تھے کہ اس موقع پر پیٹرسن اور سرفراز نے دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، پیٹرسن نے نارائن کے اوور میں 21 اور عرفان کے اوور میں 26 رنز بٹور کر میچ کا نقشہ بدل دیا، سرفراز 45 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پیٹرسن نے 8 چھکوں کی مدد سے 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قلندر کی جیت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، روئے، سرفراز، ڈیلپورٹ اور فاخر کی جارحانہ اننگز رائیگاں گئیں۔

(جاری ہے)

پیٹرسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو شارجہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 200 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جیسن روئے 51، فاخرزمان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، عمراکمل 17 رنز بنا سکے، رضوان 46 اور ڈیلپورٹ 35 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، حسن خان نے 2 اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، کوئٹہ کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 24 کے سکور پر دونوں اوپنرز آئوٹ ہو گئے، شہزاد 15 اور سعد 5 رنز بنا پائے، اس موقع پر ریلی روسو اور پیٹرسن نے مل کر سکور 81 تک پہنچا دیا، یہاں پر روسو 33 رنز بنا کر عرفان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، تھسرا پریرا ایک بنا سکے، 89 رنز پر 4 وکٹیں گرنیں کے بعد کپتان سرفراز اور پیٹرسن نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور پانچویں وکٹ میں 101 رنز کی قیمتی شراکت قائم کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا، 190 کے سکور پر سرفراز 45 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، پیٹرسن نے 8 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 88 اور انورعلی نے 12 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔

سہیل تنویر اور عرفان جونیئر نے دو، دو جبکہ ڈیلپورٹ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 18/02/2017 - 22:28:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :