پاکستان سپر لیگ ، 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5وکٹوں سے شکست دے دی

اتوار 19 فروری 2017 00:41

پاکستان سپر لیگ ، 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5وکٹوں سے شکست دے دی
شارجہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین18فروری۔2017ء) پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5وکٹوں سے شکست دے دی ہے ۔ شارجہ کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے ڈیرن سیمی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل اور تمیم اقبال میدان میں اترے لیکن تمیم 4 رنز بنانے کے بعد 17 کے مجموعی سکور پررومان رئیس کا شکار بن گئے۔

دوسرے آنے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جو 10 رنز ہی بنا سکے ،پشاور زلمی کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ کامران اکمل 19، این مورگن 28، صہیب مقصود صفر، شکیب الحسن 5 اور کپتان ڈیرن سیمی 20 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ بوم بوم آفریدی بھی محض 17رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبکہ وہاب ریاض واٹسن کے ایک اوور میں 21رنز بٹورنے کے ساتھ 23کے انفرادی سکور کر آﺅٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے محمد سمیع نے 3، رومان رئیس اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ محمد عرفان اور عماد بٹ نے 1،1وکٹ حاصل کی۔137رنز کے ہدف کے جواب میں ڈیووین سمتھ اور رفعت اللہ مہمند نے اننگ کا آغاز کیا لیکن رفعت 11 رنز پر آﺅٹ ہوئے ،بریڈہیڈن بھی 2 رنز ہی بناسکے اور سیم بلنگز بھی 11 رنز پر واپس پویلین لوٹ گئے،کپتان مصباح الحق بھی صرف 5 رنز ہی بناسکے۔واٹسن 30رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ،جبکہ عماد بٹ نے آخری گیند پر ایک رن لیکر اسلام آباد کو جیت دلا دی،ڈووین سمتھ72رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔پشاور زلمی کیلئے جنید خا ن،حسن علی ،وہاب ریاض اور شکیب نے ایک ،ایک وکٹ لی۔


وقت اشاعت : 19/02/2017 - 00:41:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :