راتوں رات ہاکی کے کھیل کو عروج تک نہیں پہنچایا جاسکتا، وقت چاہئے،نوید عالم

جمعرات 23 فروری 2017 12:43

لاہور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و ڈومیسٹک ہاکی نوید عالم نے کہا ہے کہ ہم پاکستان ہاکی میں وہ سسٹم لانا چاہتے ہیں جس سے شہبازسینئر، حسن سردار جیسے عظیم کھلاڑی پیدا ہوئے اور اس مقصد کیلئے کوچ کے کردار کو نمایاں کیا جائے گا۔ جمعرات کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ایچ ایف کے موجودہ حکام کی پوری کوشش ہے کہ قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ ماضی کی طرح عروج حاصل ہو اور پاکستانی ہاکی پلیئرز پوری دنیا میں قومی پرچم بلند کریں۔

انہوں نے کہاکہ ہم جادو کی چھڑی گھما کر راتوں رات ہاکی کے کھیل کو عروج تک نہیں پہنچا سکتے بلکہ اس کیلئے وقت چاہئے۔ پی ایچ ایف کی موجودہ ٹیم ہاکی میں پاکستان کا کھویا ہوا عروج دوبارہ حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

(جاری ہے)

اس مقصد کیلئے پی ایچ ایف ہر سطح پر ہاکی کی ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ گراس روٹ سطح پر باصلاحیت کھلاڑی سامنے لانے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں پہلی انڈر 16 سکول بوائیز چیمپئن شپ کا انعقاد بھی شامل ہے جو کہ اپریل میں منعقد ہوگی۔

چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے انتخاب کیلئے ٹرائلز ملک کے مختلف وینیوز پر جاری رہیں جو کہ 28 فروری کو ختم ہوں گے۔ ٹرائلز کے بعد مختلف ریجنز سے 20 ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کو مفت ہاکی سٹک اور شوز دیئے جائیں گے جبکہ گول کیپرز کو مکمل سامان دیا جائے گا۔ سکول بوائز چیمپئن شپ کے انعقاد سے سکولوں میں ہاکی کی بحالی ہوگی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن گراس روٹ لیول پر ہاکی کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ سکول بوائز چیمپئن شپ میں عمر کی سختی سے جانچ کی جائے گی اور اس سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ایچ ایف نے ہر سطح پر ہاکی کے ٹورنامنٹس منعققد کروائے جن میں انڈر 21 اور انڈر 18کے علاوہ ویمنز کے ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں۔ نائن اے سائیڈ اور فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی کروایا گیا۔
وقت اشاعت : 23/02/2017 - 12:43:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :