مصباح الحق نے بطور عام پلیئر ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے کا اشارہ دیدیا

جمعہ 24 فروری 2017 12:04

مصباح الحق نے بطور عام پلیئر ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے کا اشارہ دیدیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24فروری۔2017ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اب بطور عام پلیئر کھیلنے کا بھی اشارہ دےدیا ۔ایک انٹر ویو کے دوران مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کو انکی ریٹائرمنٹ کی ان سے زیاد ہ فکر ہے تاہم اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر ٹیم کے ساتھ جائیں گے لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اس دورے پر عام کھلاڑی کی حیثیت سے جائیں تاہم اس کا انحصار پی سی بی پر ہوگا ۔

مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ اگر کرکٹ بورڈ انکی جگہ سرفرا ز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنا چاہے تو یہ اسکا فیصلہ ہوگا،سرفراز نے پی ایس ایل میں ا چھی کپتانی کا مظاہرہ کیا ہے اور اگر بورڈ انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپ دیتا ہے تو ان کے پاس اپنا لوہا منوانے کا بہترین موقع ہوگا ،امید ہے کہ سرفراز تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی رینکنگ کو بہتر بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ سال عالمی نمبر ون بننے والی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئی ہے اور اس دوران مصباح الحق کی ذاتی کارکردگی بھی ناقص رہی، انھوں نے کینگروز کیخلاف سیریز کے دوران ہی مایوسی کے عالم میں ریٹائرمنٹ کا اشارہ دیا تھا لیکن بعد میں یوٹرن لے لیا۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ مصباح نے کسی نتیجے پر پہنچنے کیلیے 2ہفتے کا وقت مانگا ہے تاہم بعد ازاں ایک انٹر ویو میں مصباح نے ویسٹ انڈیز جانے کا ارادہ ظاہر کردیا۔

وقت اشاعت : 24/02/2017 - 12:04:31