پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد میں 8روز باقی ، ٹکٹوں کی ڈیمانڈ بڑھنے سے پی سی بی حکام پریشان

جمعہ 24 فروری 2017 14:14

پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد میں 8روز باقی ، ٹکٹوں کی ڈیمانڈ بڑھنے سے پی سی بی حکام پریشان
لاہور۔24 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں انعقاد میں 8روز باقی رہ گئے،،شائقین کرکٹ اپنی سر زمین پر میگا ایونٹ کو دیکھنے کے لئے پرجوش ہیں ۔وہ ٹکٹوں کی فروخت اور پانچ مارچ کو فائنل کے انعقاد کا بے تابی سے منتظر نظر آرہے ہیں۔پی ایس ایل فرنچائز کی ٹیموں کی کٹس بھی تماشائیوں میں بہت مقبول ہے اور وہ اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کی کٹس پہن کر پی ایس ایل کے فائنل کو دیکھنا چاہتا ہے پی ایس ایل کی ٹکٹوں کی ڈیمانڈ حد سے زیادہ بڑھ چکی ہے اور پی سی بی حکام ملک بھر سے ٹکٹوں کے لئے آنے والی ڈیمانڈ پر پریشان دکھائی دیتے ہیں کیونکہ قذافی سٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد سے کئی گنا زیادہ تعداد میں لوگ پی ایس ایل کا فائنل دیکھنا چاہتے ہیں اور ہر کوئی پی سی بی حکام کو سفارش کے ذریعے ٹکٹ حاصل کرنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ پی سی بی حکام فائنل کے انتظامات کومکمل کرنے کے لئے تیاریاں زور شو ر سے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔سٹیڈیم میں رنگ وروغن ،صفائی کے علاوہ فارینڈ انکلوژر کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بہترین تفریح فراہم کرنے کیلئے شاندار افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل حکام نے پانچ مارچ کو پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے ۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی کے مطابق فائنل سے قبل تمام تیاریاں مکمل کرلی جائیں گی ۔کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے لئے وی وی آئی پی سیکورٹی کا انتظام کیا جارہا ہے ۔میڈیاباکس پولین اینڈ کی بجائے فار اینڈ کی طرف بنایا جائے گا ۔پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے فائنل کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے اور جلد ہی ٹکٹوں کی فروخت آن لائن اور دیگر طریقوں سے شروع ہوجائے گی ۔

قذافی سٹیڈیم میں مجموعی طور پر 25ہزار کے قریب افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ فائنل کا کم از کم ٹکٹ 500 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 12ہزار روپے میں ملے گا۔قذافی سٹیڈیم میں 14 انکلوژر ہیں جہاں بیٹھ کر شائقین کرکٹ میچ دیکھ سکیں گے۔عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژر میں ٹکٹ کی قیمت 12000روپے ہو گی جبکہ جاوید میانداد، عبدالحفیظ کاردار اور راجہ انکلوژرز کی ٹکٹ 8000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔مہنگے ٹکٹوں کے ساتھ ساتھ کم قیمت پر بھی ٹکٹ دستیاب ہوں گے اور شائقین کرکٹ جنرل انکلوژر کا ٹکٹ 500 روپے میں خرید کر میچ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
وقت اشاعت : 24/02/2017 - 14:14:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :