پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17رنز سے شکست دیدی

جمعہ 24 فروری 2017 20:01

پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17رنز سے شکست دیدی
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین24فروری۔2017ء) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے 16ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17رنز سے ہرا دیا ۔ دبئی میں کھیلے جارہے پاکستان سپرلیگ کے تیسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پشاور کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن تمیم اقبال صرف 5 رنز پر عامر یامین کا شکار بن گئے۔

محمد حفیظ 13رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، کامران اکمل نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی جس کے بعد وہ بھی 58رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر سٹمپڈ آﺅٹ ہوگئے ،پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے مارلن سیمیولز17رنز بنا کر ہم وطن سنیل نارائن کا شکار بن گئے ۔

(جاری ہے)

بوم بوم آفریدی مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے اور 10رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ۔

شکیب الحسن بھی 30رنز بنا کر سہیل تنویر کا شکار بن گئے ،ڈیرن سیمی نے آخری اوور میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے پشاور کا سکور 166رنز تک پہنچانے میں مدد دی۔لاہور قلندرز کی جانب سے یاسر شاہ نے 2اور عامر یامین،سہیل تنویر اورسنیل نارائن نے 1، 1وکٹ لی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے اوپننگ جوڑی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا،کیمرون ڈیلپورٹ نے چوکوں کی بارش تو خوب کی لیکن 32 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے بلے باز فخر زمان کا بلا آج نہ چل سکا اور وہ بغیر کوئی سکور کئے محمد حفیظ کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ، برینڈن میکولم 6 رنز بنانے کے بعد رن آﺅٹ ہوگئے۔عمر اکمل صرف 1رن بنانے کے بعد ہی پویلین لوٹ گئے۔گرانٹ ایلیٹ بھی اس میچ میں کچھ نہ کر سکے اور 0 پر ہی ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ محمد رضوان نے 4 اور سنیل نارائن نے 21 رنز بنائے۔

عامر یامین 25 رنز بنانے کے بعد ڈیرن سیمی کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔یاسر شاہ اور سہیل تنویر نے 9ویں وکٹ کے لیے 55رنز کا اضافہ کیا تاہم وہ بھی ناکافی رہا،یاسر 22رنز بنا کر آفریدی کی گیند پر پوویلین لوٹے۔سہیل تنویر36رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے تاہم اپنی ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔پشاور زلمی کے لیے محمد حفیظ اورشکیب الحسن نے 2،2جبکہ آفریدی ، سیمی،وہاب ریاض اورحسن علی نے ایک ، ایک شکار کیا ۔


وقت اشاعت : 24/02/2017 - 20:01:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :