پی ایس ایل ٹو، پشاور زلمی کی تیسری فتح کے ساتھ پلے آف میں پہنچنے کے امکانات روشن، لاہور قلندر کو شکست

قلندر نے 5 رنز پر 6 وکٹیں گنوائیں، کامران اکمل کی 58 رنز کی عمدہ اننگز، شکیب الحسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعہ 24 فروری 2017 21:33

پی ایس ایل ٹو، پشاور زلمی کی تیسری فتح کے ساتھ پلے آف میں پہنچنے کے امکانات روشن، لاہور قلندر کو شکست
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن میں کامران اکمل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے لاہور قلندر کو 17 رنز سے ہرا کر تیسری کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ زلمی کے پلے آف میچ میں پہنچنے کے امکانات روشن ہو گئے، لاہور قلندر کی ٹیم 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 149 رنز بنا سکی، ڈیلپورٹ اور میک کولم نے ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ڈیلپورٹ کے آئوٹ ہوتے ہی قلندر کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرنا شروع ہو گئیں، قلندر نے 5 رنز پر 6 وکٹیں گنوائیں، سہیل تنویر 36 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شکیب الحسن کو 30 رنز اور 2 وکٹیں لینے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کھیلے گئے لیگ کے 16ویں میچ میں پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 166 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کامران اکمل 58 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، شکیب الحسن 30، محمدحفیظ 13، تمیم اقبال 5، مارلون سیموئلز 17 اور شاہد آفریدی 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان ڈیرن سیمی 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جواب میں لاہور قلندر کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 149 رنز تک محدود رہی، ڈیلپورٹ اور میک کولم نے ٹیم کو 38 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، اس موقع پر حسن علی نے ڈیلپورٹ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، ڈیلپورٹ نے 15 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے، ان کے آئوٹ ہوتے ہی قلندر کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور 43 کے سکور پر اس کے 6 مستند کھلاڑی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، کپتان میک کولم 6، فاخر زمان اور گرانٹ ایلیٹ صفر، عمراکمل ایک اور محمدرضوان 4 رنز بنا کر چلتے بنے، 88 کے سکور پر سنیل نارائن 21 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند کا نشانہ بنے، 92 کے سکور پر قلندر کی آٹھویں وکٹ گری جب عامر یامین 25 رنز بنا کر سیمی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر سہیل تنویر اور یاسرشاہ حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے نویں وکٹ میں 55 رنز جوڑ کر سکور 147 تک پہنچا دیا تاہم اس کے باوجود وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، یاسرشاہ 22 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند کا نشانہ بنے، سہیل تنویر نے 36 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، شکیب الحسن اور محمدحفیظ نے دو، دو جبکہ حسن علی، وہاب ریاض، ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 24/02/2017 - 21:33:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :