پاکستان سپر لیگ ،بوم بوم آفریدی نے پشاور زلمی کی کشتی پار لگا دی

اتوار 26 فروری 2017 00:35

پاکستان سپر لیگ ،بوم بوم آفریدی نے پشاور زلمی کی کشتی پار لگا دی
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین25فروری۔2017ء) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2وکٹوں سے شکست دےدی ۔ تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کا آغاز ہوا تو اوپننگ جوڑی زیادہ دیر تک نہ ٹک سکی اور پہلے بلے باز اسد شفیق صرف 3 رنز جبکہ احمد شہزاد بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔

تیسرے بلے باز روسوو 38رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شکیب الحسن کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔کیون پیٹرسن اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 41 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔کپتان سرفراز احمد 8 ،محمد نواز 18 اور محمود اللہ صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ ذوالفقار بابر بھی بغیر کوئی رن بنائے پوویلین جا بیٹھے،عمر گل بھی جلد ہی 2رن بنا کر پوویلین لوٹے اور کوئٹہ نے مقررہ اوور ز میں 128رنز بنائے۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی کے لیے اصغر نے 3،وہاب ریاض اور حسن علی نے 2،2 جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی۔پشاور زلمی کے تمیم اقبال اور مارلن سیمیولز7،7 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے،کامران اکمل نے 26 رنز بنائے اور ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔شکیب الحسن بھی صرف 1 رن بنانے کے بعد رن آﺅٹ ہوئے جبکہ صہیب مقصود اور ڈیرن سیمی بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے،محمد حفیظ کی ہمت بھی 22رنز پر جواب دے گئی ۔

اس موقع پر پشاور کی جیت کے امکانات انتہائی کم دکھائی دے رہے تھے تاہم شاہد آفریدی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23گیندوں پر ناقابل شکست 45رنز کی اننگ کھیل کر پشاور کو میچ میں کامیابی دلوانے کے ساتھ ساتھ پلے آف مرحلے میں بھی پہنچا دیا۔کوئٹہ کے لیے محمود اللہ اور ملز نے 3،3جبکہ نواز نے ایک وکٹ لی۔


وقت اشاعت : 26/02/2017 - 00:35:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :