نیوزی لینڈ ویمن نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا ویمن کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

اتوار 26 فروری 2017 11:01

آکلینڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) نیوزی لینڈ ویمن نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا ویمن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 276 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ایمی سیتھرویٹ نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں بہترین پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایڈن پاک، آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا ویمن پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.4 اوورز میں 275 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ بیتھ مونی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 100 رنز بنائے۔ ریشل ہینز اور الیز ویلانی نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ لی تاہوہو نے چار اور ہولی ہڈلیسٹن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ ویمن نے مطلوبہ ہدف ایمی سیتھرویٹ کی شاندار سنچری کی بدولت 49.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سیتھر ویٹ نے کیریئر کی چھٹی سنچری بنائی اور 102 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں، انہیں میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ کپتان سوزی بیٹس نے 55 اور کیٹی مارٹن نے 43 رنز بنائے۔
وقت اشاعت : 26/02/2017 - 11:01:30