وہاب ریاض کی گیند لگنے سے عمر گل کے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی، پی ایس ایل سے باہر

عمر گل کی کرکٹ شائقین سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی اور صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل یہ دانستہ نہیں تھا، بہت جلد آپ صحت یاب ہو جائو گے، وہاب ریاض کا ٹوئٹ پیغام

اتوار 26 فروری 2017 16:31

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی عمر گل بازو میں انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے خلاف میچ میں وہاب ریاض کی ایک گیند عمر گل کے بازو پر جا لگی جس کے باعث ان کی ہڈی میں فریکچر ہوا۔ ایکسرے رپورٹ میں فریکچر کی تصدیق ہو گئی ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق وہ کم از کم ایک ہفتے سے پہلے کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے، جس کا مطلب ہے کہ وہ پی ایس ایل سے باہر ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عمر گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایکسرے رپورٹ جاری کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ ’’ میچ کے دوران میرے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی، برائے مہربانی میری جلد صحت یابی اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی کیلئے دعا کریں۔ ’’عمر گل کی جانب سے ایکسرے رپورٹ شیئر کرنے پر وہاب ریاض بھی میدان میں آ گئے اور اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ عمر گل کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔ بھائی! تمہارے بہت جلد صحت یاب ہونے کی خواہش ہے، تم ایک فائٹر ہو اور انشائ اللہ بہت جلد اس سے نکل جائو گے، تم جانتے ہو کہ یہ دانستہ نہیں تھا۔‘‘
وقت اشاعت : 26/02/2017 - 16:31:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :