کپتان سنگاکارا نے نیچرل سٹائل میں بیٹنگ کرنے کیلئے کہا تھا، کرس گیل

پیر 27 فروری 2017 13:21

کپتان سنگاکارا نے  نیچرل سٹائل میں بیٹنگ کرنے کیلئے کہا تھا، کرس گیل
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کو پلے آف میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے والے ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کا کہنا ہے کہ کپتان سنگاکارا نے انہیں اپنے نیچرل اسٹائل میں بیٹنگ کرنے کے لیے کہا تھا۔ ہمیں معلوم تھا کہ اس میچ میں ایک مقررہ ٹارگیٹ ہوگا جسے حاصل کرکے ہمیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرسکتے ہیں لیکن بارش کی وجہ سے کھیل 15 اوورز تک محدود کردیا گیا لہذا کپتان سنگاکارا نے مجھ سے کہا کہ یہ میچ اب مختصر ہوگیا ہے اور ہمیں ہر حال میں جیتنا ہے اس کے لیے آپ کو اپنا نیچرل انداز اختیار کرنا ہوگا۔

کرس گیل کو اس بات کی خوشی ہے کہ وہ اس لیگ میں ناکامی کا جمود توڑنے میں کامیاب ہوگئے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی ٹیم کے لیے یہ اننگز کھیلنے میں کامیاب رہا کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک میں بڑا سکور نہیں کرسکا تھا۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ یہ پی ایس ایل کا بھی نیا آغاز ہو لیکن ہمارے لیے سب سے اہم بات پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنا تھا جو ہم نے کرلیا۔

اب ہمیں دوبارہ اسلام آباد یونائٹڈ سے کھیلنا ہے جس کے لیے ہم تیار ہیں۔ ان سے پوچھا گیا کہ گیل کا طوفان اتنی تاخیر سے کیوں آیا تو انھوں نے زبردست قہقہے کے ساتھ اس کا سبب موسم کو قرار دیا۔سرد موسم میں دھوپ نہیں نکلی اس لیے میں بھی کچھ نہیں کرپارہا تھا۔ یہ تو میں مذاق میں کہہ رہا ہوں لیکن اصل بات یہ ہے کہ یہ کھیل ہے جس میں کبھی آپ کامیاب ہوتے ہیں اور کبھی تمام تر کوشش کرنے کے باوجود ناکام۔

پچھلے میچوں میں مجھ سے سکور نہیں ہوسکا یقیناً شائقین مجھ سے بہت زیادہ توقعات رکھتے ہیں جو پوری نہیں ہورہی تھیں اور وہ مجھ سے خفا تھے لیکن مجھے خوشی ہے کہ اس اننگز نے انہیں خوش ہونے کا موقع فراہم کردیا۔ سٹیڈیم میں شائقین میرے نام کے نعرے لگارہے تھے جس سے مجھے حوصلہ مل رہا تھا۔میری کوشش ہوگی کہ میں انہیں آئندہ بھی خوش کروں۔ کرس گیل نے کراچی کنگز کے تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صرف وہ ہی نہیں بلکہ تمام کھلاڑیوں کا کوچنگ سٹاف حوصلہ بڑھاتا ہے کیونکہ ٹیم میں سب میچ ونرز ہیں اور سب کو پتہ ہے کہ ان میں سے کوئی بھی تنہا میچ جتواسکتا ہے جیسے لاہور کے خلاف پولارڈ نے میچ جتوایا۔
وقت اشاعت : 27/02/2017 - 13:21:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :