کنیئرڈکالج میں قائم ظہیرعباس وومن کرکٹ کوچنگ اکیڈیمی نے پنجاب یونیورسٹی کو 29رنز سے شکست دے دی

ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی جانب سے پنجاب میںکرکٹ کوچنگ اکیڈیمز کا قیام بہترین فیصلہ ہے‘ کوچز

پیر 27 فروری 2017 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیزسپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس کی سربراہی میں قائم ہونے والی سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ کوچنگ اکیڈیمز لاہور اور ملتان میں کرکٹ میچز کا انعقاد کیا گیا، کنیئرڈکالج میں قائم ظہیرعباس وومن کرکٹ کوچنگ اکیڈیمی نے پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم کو 29رنز سے شکست دی۔کنیئرڈ کالج کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5وکٹوں کے نقصان پر 174رنز بنائے،پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 145رنز ہی بنا سکی، ظہیرعباس کرکٹ کوچنگ اکیڈیمی نے آسانی سے یہ میچ جیت لیا۔

اس موقع پرکرکٹ کوچنگ اکیڈمی کی کوچز نوشین حنیف ،نور صبا ، عرفان اللہ خان اور فراز اخلاق بھی موجود تھے۔کوچزنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی جانب سے پنجاب میںکرکٹ کوچنگ اکیڈیمز کا قیام بہترین فیصلہ ہے ،جس سے نوجوا نو ں میں کھیلوں کا رجحان بڑھ رہا ہے اور اس سے کرکٹ کو فروغ حاصل ہور ہا ہے۔

(جاری ہے)

ظہیر عباس کرکٹ کوچنگ اکیڈمی ملتان اور میپکو کرکٹ ٹیم کے درمیان ڈویژنل سپورٹس گرائونڈ ملتان میں دوستانہ میچ کھیلا گیا۔ظہیر عباس کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 192رنز بنائے۔رائو عرفان 74، شعیب 33 اور کاشف بھٹی32رنز بنا کر نمایاں رہے۔میپکو کی جانب سے بائولنگ میں عمران اللہ نے 3،مدثر،عارف اور محمد صمد نے دو، د و کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

میپکو کرکٹ ٹیم نے بیٹنگ کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ایک وکٹ سے جیت لیا۔میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا۔ میپکو کی طرف سے بیٹنگ میں عمران اللہ نے 58،محمد عارف40اور جنید اقبال نے 35رنز بنائے۔باولنگ میں ظہیر عباس کرکٹ اکیڈمی کی طرف سے وسیم ظفر ،فراز خان دانش اور طلحہ نے بالترتیب دو ،دوکھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔میچ کے مہمان خصوصی میپکو کرکٹ ٹیم کے منیجر کلیم اللہ قریشی تھے۔
وقت اشاعت : 27/02/2017 - 22:02:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :