پی ایس ایل فائنل ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی4 غیرملکی کھلاڑیوں کا لاہور نہ آنے کا اعلان

لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے فائنل میں شرکت نہ کرنے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا بہت بوجھل دل کے ساتھ لکھ رہا ہوں کہ میں فائنل کیلئے لاہور نہیں آرہا، میں کرکٹ کیلئے خطرہ مول نہیں لے سکتا ،لیوک رائٹ فیملی کے ساتھ وقت گزاروں گا، کیون پیٹرسن کا لندن روانگی کے موقع پر ٹوئٹر پر پیغام لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں شریک نہیں ہوسکیں گے لیکن گھر پر بیٹھ کر میچ دیکھیں گے، ٹائمل مل

بدھ 1 مارچ 2017 13:32

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مارچ2017ء) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن، رائلی روسو اور نیتھن میکولم نے لاہور میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت سے انکار کردیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے فائنل میں شرکت نہ کرنے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

گذشتہ روز میچ جیتنے کے بعد لیوک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیت گئی۔ انھوں نے مزید لکھا کہ بہت بوجھل دل کے ساتھ لکھ رہا ہوں کہ میں فائنل کے لیے لاہور نہیں آرہا، میری ایک فیملی ہے اور میں کرکٹ کے کھیل کے لیے خطرہ مول نہیں لے سکتا۔

(جاری ہے)

لیوک نے اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ٹورنامنٹ بہت شاندار تھا جس میں بے پناہ ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا۔

دوسری جانب کیون پیٹرسن نے بھی ٹوئٹر پر دبئی سے لندن روانگی کا پیغام دیا اور ساتھ میں لکھا کہ وہ فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے، جس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ فائنل کے لیے لاہور نہیں آرہے۔ انگلینڈ کے کھلاڑی ٹائمل مل نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا عندیہ دیا اور لکھا کہ وہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں شریک نہیں ہوسکیں گے لیکن گھر پر بیٹھ کر میچ دیکھیں گے، ساتھ ہی انھوں نے اپنی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آفیشلز کے مطابق انھوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فائنل میں شرکت کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی لیکن ملک میں گذشتہ ماہ ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے باعث کھلاڑی رضامند نہ ہوئے۔ پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ غیر ملکی کمنٹیٹرز ای این بشپ اور ڈینی موریسن نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد پی سی بی نے وقار یونس کو کمنٹری کو بلوایا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کیون پیٹرسن دبئی سے لندن کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ انگلش کھلاڑی لیوک رائٹ اور فاسٹ بولر ٹائل ملز سے لاہور میں فائنل کھیلنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ اسی طرح کوئٹہ کی ٹیم میں شامل نیتھن میکولم نے بھی بغیر کوئی میچ کھیلے پی ایس ایل کو خیرباد کہہ دیا ہے ۔
وقت اشاعت : 01/03/2017 - 13:32:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :