کوئٹہ گلیڈایٹرز کے تین غیر ملکی کھلاڑی لاہور نہیں آئینگے

لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے فائنل لاہور میں کھیلنے سے انکار کردیا

بدھ 1 مارچ 2017 16:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے انگلینڈ کے کھلاڑیوں لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے لاہور میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت سے انکار کردیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے فائنل میں شرکت نہ کرنے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

گذشتہ روز میچ جیتنے کے بعد لیوک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، 'ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیت گئی'۔انھوں نے مزید لکھا کہ 'بہت بوجھل دل کے ساتھ لکھ رہا ہوں کہ میں فائنل کے لیے لاہور نہیں آرہا، میری ایک فیملی ہے اور میں کرکٹ کے کھیل کے لیے خطرہ مول نہیں لے سکتا'۔

(جاری ہے)

لیوک نے اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ٹورنامنٹ بہت شاندار تھا جس میں بے پناہ ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا۔

دوسری جانب کیون پیٹرسن نے بھی ٹوئٹر پر دبئی سے لندن روانگی کا پیغام دیا اور ساتھ میں لکھا کہ وہ فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے، جس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ فائنل کے لیے لاہور نہیں آرہے۔انگلینڈ کے کھلاڑی ٹائمل مل نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا عندیہ دیا اور لکھا کہ وہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں شریک نہیں ہوسکیں گے لیکن گھر پر بیٹھ کر میچ دیکھیں گے، ساتھ ہی انھوں نے اپنی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آفیشلز کے مطابق انھوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فائنل میں شرکت کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی لیکن ملک میں گذشتہ ماہ ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے باعث کھلاڑی رضامند نہ ہوئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے بھی ڈان نیوز کو تصدیق کی کہ غیر ملکی کمنٹیٹرز ای این بشپ اور ڈینی موریسن نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد پی سی بی نے وقار یونس کو کمنٹری کو بلوایا ہے۔
وقت اشاعت : 01/03/2017 - 16:51:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :