پی ایس ایل فائنل کے تمام آن لائن ٹکٹ فروخت،بینکوں کے باہر قطاریں

بدھ 1 مارچ 2017 19:30

پی ایس ایل فائنل کے تمام آن لائن ٹکٹ فروخت،بینکوں کے باہر قطاریں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء)پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت کے آغاز کے ساتھ ہی لاہور میں جہاں بینکوں کے سامنے طویل قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں وہیں تمام آن لائن ٹکٹ چند ہی گھنٹوں میں فروخت بھی ہوگئے ہیں۔پی ایس ایل کے فائنل کی ٹکٹیں کیو ٹکٹس ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ پر فروخت کے لیے پیش کی گئیں اور بدھ کی دوپہر سے ہی اس ویب سائٹ پر 'سولڈ آؤٹ' کا پیغام شائع کر دیا ہے۔

لاہور میں پانچ مارچ کو کھیلے جانے والے میچ کے لیے جنرل سٹینڈ کے ٹکٹوں کی قیمت 500 روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس کے علاوہ چار، آٹھ اور بارہ ہزار مالیت کے ٹکٹ بھی دستیاب ہیں۔پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق 500 روپے مالیت کے دس ہزار ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں ٹکٹ پنجاب بینک کی مخصوص شاخوں سے فروخت کیے جا رہے ہیں جن کے سامنے شہریوں کی بڑی تعداد قطاروں میں بدھ کی صبح سے ہی موجود تھی تاہم عوام کی جانب سے سب سے سستے ٹکٹوں کی عدم دستیابی کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ مہنگے ٹکٹ خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے اور بینکوں کی جانب سے انھیں کہا جا رہا ہے کہ ہر برانچ میں 500 روپے والے ٹکٹ بہت کم تعداد میں فراہم کیے گئے ہیں۔بینک آف پنجاب کی ایک برانچ کے باہر موجود شائقین میں سے ایک شخص نے بتایا کہ کئی گھنٹوں کے انتظار کے باوجود انھیں ٹکٹ نہیں ملا۔'میں صبح سے بینک کے باہر موجود ہوں اور مجھ سے آگے صرف سات لوگ کھڑے تھے لیکن میری بارے آنے پر بینک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کل 35 ٹکٹیں آئی تھیں جو فروخت ہو چکی ہیں۔

'وہاں موجود بعض لوگوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ 'پانچ سو روپے والی ٹکٹیں بلیک میں دو ہزار سے چار ہزار میں فروخت کی جا رہی ہیں۔'جبکہ بینک آنے والے ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ 'میں تو اپنی تنخواہ لینے کے لیے آیا ہوں مجھے میری تنخواہ بھی نہیں دی جا رہی۔'ان افراد کے مطابق بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب صرف 12000 ہزار روپے والی ٹکٹیں ہی موجود ہیں۔

فائنل کے لیے لاہور کے قذافی سٹیڈیم اور اس کے اردگرد علاقے میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔شائقین کے لیے ٹکٹوں کے ساتھ اصل شناختی کارڈ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ 18 سال سے کم عمر افراد کے ساتھ کسی نگران کا ہونا ضروری ہے ورنہ انھیں ٹکٹ ہونے کے باوجود قذافی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔قذافی سٹیڈیم میں 25 ہزار کے قریب افراد کی گنجائش ہے اور پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ 'جتنے لوگ میچ دیکھنے کے لیے آنا چاہ رہے ہیں اتنی جگہ نہیں ہے لیکن غریب ہو یا امیر ہو، سب پاکستانی کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں اس لیے مل کر پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔‘۔
وقت اشاعت : 01/03/2017 - 19:30:16