پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے پیش نظر لاہور کے تمام ہسپتال ہائی الرٹ رہیں گے ‘نجم احمد شاہ

لاہور جنرل ہسپتال کو 3 مارچ سے 25 بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال ہاکی اسٹیڈیم میں قائم کرنے کی ہدایت

بدھ 1 مارچ 2017 21:04

پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے پیش نظر لاہور کے تمام ہسپتال ہائی الرٹ رہیں گے ‘نجم احمد شاہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد کے پیش نظر لاہور کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر انسٹی ٹیوشنز کو7 مارچ تک ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرنے کی تحریری ہدایات جاری کر دی ہیں - سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے اس سلسلہ میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ، چیئر مین شیخ زائد میڈیکل کمپلیکس ، تمام خود محتار میڈیکل انسٹی ٹیوٹس کے پرنسپل ، چیف ایگزیکٹو میو ہسپتال ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ، ٹیچنگ ہسپتال ، ہیڈز آف سپیشلائزڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز اور ڈائریکٹر ادارہ انتقال خون کو جاری ہونے والے احکامات میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مریضوں کے علاج معالجے اور انہیں فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انتظامات کو مکمل رکھیں اور ادارہ انتقال خون کو وافر مقدار میں بلڈ بیگز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے - محکمہ صحت نے احتیاطی طور پر،پاکستان سپر لیگ میچ کے انعقاد سے پہلے اور بعد میں لوگوں کو میڈیکل کور فراہم کرنے کے انتظامات کے تحت سرگنگا رام ہسپتال کو پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں فوری طور پر 6 بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال بمعہ اسٹاف قائم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور ہسپتال انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ضلعی حکومت کے ساتھ رابطہ رکھیں - یہ عارضی ہسپتال 7 مارچ تک آپریشنل رہے گا اورSOPs کے مطابق سینئر ڈاکٹرز ، نرسز اور پیر میڈکس ڈیوٹی پر رہیں گے جن کا ڈیوٹی روسٹر محکمہ صحت کو فراہم کیا جائے گا -علاوہ ازیں لاہور جنرل ہسپتال 3 مارچ کو ہاکی اسٹیڈیم میں 25 بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم کرے گا جو 6 مارچ کی صبح تک فنکشنل رہے گا جہاں تمام اسٹاف کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی ، طبی آلات اور جان بچانے والی ادویات کا وافر سٹاک آکسیجن سلنڈر اور دیگر تمام اشیاء دستیاب ہوں گی -مزید براں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 5 مارچ کو کرکٹ میچ کے روز ایک کارڈیک ایمبولینس فلی لوڈڈبمعہ اسٹاف قذافی اسٹیڈیم ڈیوٹی پر موجود رہے گی جس کا رابطہ ڈپٹی کمشنر لاہور سے ہو گا-محکمہ صحت نے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ سروسز پنجاب اور سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ لاہور کی جانب سے فراہم کردہ بلڈ گروپس کی لسٹ کے مطابق بلڈ بیگز کا انتظام یقینی بنائیں- سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے محکمہ کے تمام افسران اور ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے موقع پر لوگوں کو میڈیکل کور فراہم کرنے کے لئے جاری کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہو گی ۔

وقت اشاعت : 01/03/2017 - 21:04:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :