کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا اجراء جلد کیا جائے گا، صوبائی وزیرکھیل

بدھ 1 مارچ 2017 22:56

کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا اجراء جلد کیا جائے گا، صوبائی وزیرکھیل
لاہور۔یکم مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء)صوبائی وزیرکھیل جہانگیرخانزادہ نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کثیررقم پر مبنی سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا اجراء جلد کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے کھیل کو بہتر کرسکیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔

اجلاس کی صدارت صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ نے کی،اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئراقبال ، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب اختررسول، ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ عامرجان ، ڈائریکٹرایڈمن جاوید رشید چوہان اور ڈائریکٹرسپورٹس محمد انیس شیخ سمیت کئی اداروں کے افسران بھی موجودتھے ، صوبائی وزیرکھیل نے کہا کہ خادم پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آئے جبکہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کثیررقم پر مبنی سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا اجراء بھی جلد کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے کھیل کو بہتر کر سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے کہا کہ خادم پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے ہزاروں نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جن کے کھیل کو مزید بہتر کیا جائے گاتاکہ وہ قومی سطح پر ملک وقوم کی نمائندگی کر سکیں، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع میں کوچز کی بھرتی کی جارہی ہے تاکہ چھوٹے شہروں میں سپورٹس کے زیادہ مواقع پیداہو ں ،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سپورٹس کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے،انڈومنٹ فنڈ سے کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا۔
وقت اشاعت : 01/03/2017 - 22:56:31