پی ایس ایل نے پہلے ایڈیشن کی نسبت دوسرے ایڈیشن میں کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کر دئیے

جمعہ 3 مارچ 2017 14:53

پی ایس ایل نے پہلے ایڈیشن کی نسبت دوسرے ایڈیشن میں کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کر دئیے
دبئی /شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2017ء) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )نے پہلے ایڈیشن کی نسبت دوسرے ایڈیشن میں کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کر دئیے۔ دبئی اور شارجہ میں پاکسان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال شائقین کی سٹیڈیمز میں حاضری دگنی رہی، پاکستان سپر لیگ کے دونوں سیزنز کے ٹکٹ فروخت کرنے والی کمپنی کیو ٹکٹس ڈاٹ کام کے مطابق اس سال تقریباّ دو لاکھ سے زائد شا ئقین کرکٹ نے 20 سے زائد میچوں کو سٹیڈیمز میں آ کر دیکھا۔

کیو ٹکٹس ڈاٹ کام کے مالک تجندر سنگھ کا کہنا تھا کہ ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے والے لوگوں کی یہ تعداد گذشتہ سال شروع ہونے والے سپر لیگ کے ابتدائی ایڈیشن کے مقابلے میں دگنا زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپر لیگ میں ہونے والے اب تک کے ہر مقابلے میں اوسطً دس سے بارہ ہزار تماشائی سٹیڈیم میں موجود رہے۔

(جاری ہے)

تجندر سنگھ کے مطابق دبئی کے کم از کم 22 ہزار سے زیادہ گنجائش کے سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین ہونے والے مقابلے اور اس سے قبل منعقد ہونے والی پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کے دوران ہاؤس فل رہا۔

ان کے مطابق ویک اینڈ یعنی چھٹی کے دن ہونے والے تمام مقابلوں کے دوران شائقین کی سٹیڈیمز میں حاضری اوسطً 80 سے 90 فیصد تک رہی جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے پہلے ناک آؤٹ میچ کے لیے بھی شارجہ کا سٹیڈیم فل رہا۔ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے پلے آف میچ میں تماشائیوں کی حاضری بھی تقریباً پاکستان سے باہر دبئی اور شارجہ میں منعقد ہونے والی سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال شائقین کی سٹیڈیمز میں حاضری 80 فیصد سے زیادہ رہی۔

پاکستان سپر لیگ کے اتوار کو لاہور میں ہونے والے فائنل میچ کی ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے تجندر سنگھ نے بتایا کہ فائنل کے لیے کیو ٹکٹس ڈاٹ کام پر آن لائن تقریباً 40 فیصد ٹکٹیں رکھی گئیں تھیں جو کہ تمام فروخت ہو چکی ہیں۔ تاہم کچھ آف لائن ٹکٹیں لاہور میں بینک آف پنجاب کی شاخوں پر دستیاب ہیں۔ سپر لیگ کے میچ دیکھنے کی لیے آنے والے تماشائیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے تقریباً 95 فیصد متحدہ عرب امارات میں مقیم سمندر پار پاکستانی تھے تاہم سپر لیگ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں شمولیت کی وجہ سے دوسری قوموں کے لوگ بھی میچ دیکھنے کے لیے آتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹی ٹونٹی کرکٹ کے بین الاقوامی ستاروں کی بڑھتی ہوئی شمولیت شائقین کے لیے کشش کا باعث بنی۔ وقت گزرنے کے ساتھ سپر لیگ میں کھیلے جانے والی کرکٹ کے معیار میں بھی بہتری آئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گراؤنڈز میں اس سال حاضری زیادہ دیکھنے کو ملی۔
وقت اشاعت : 03/03/2017 - 14:53:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :