عمران خان کی جانب سے ”پھٹیچر“قرار دیئے گئے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ریکارڈز پر ایک نظر

منگل 7 مارچ 2017 13:44

عمران خان کی جانب سے ”پھٹیچر“قرار دیئے گئے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ریکارڈز پر ایک نظر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7مارچ ۔2017ئ) ایک جانب جہاں پوری قوم پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرائے جانے کی خوشیاں منا رہی ہے وہیں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کے پاکستان آنے والے کھلاڑیوں کو ”پھٹیچر“ قرار دے ڈالا ہے ۔کرکٹ ماہرین اپنے دور کے عظیم آل راﺅنڈرکی جانب سے دیئے جانے والے اس بیان پر حیران ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ خان صاحب کو کرکٹ میں سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہیئے ۔

عمران خان تو پاکستان کے مہمان بننے والے ان کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دے رہے ہیں لیکن ان کے ریکارڈ کچھ اورہی کہانی بیان کررہے ہیں ۔ پشاور زلمی کے کپتا ن ڈیرن سیمی 2ورلڈ ٹی ٹونٹی کپس جیتنے والے واحد کپتان ہیں ، 38ٹیسٹ ،126ون ڈے اور 66ٹی ٹونٹی میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے 33سالہ ڈیرن سیمی اگر ”پھٹیچر “ کھلاڑی ہیں تو کھلاڑی کسے کہا جاتا ہے یہ عوام ہی بہتر بتا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

پشاور ہی کے مارلن سیمیولز کا کرکٹ کیریئر تنازعات کا شکار رہا ہے تاہم وہ 2012ءاور 2016ءمیں ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں اور فائنل مقابلوں کے مین آف دی میچ رہے تھے۔36سالہ سیمیولز 71ٹیسٹ،187و ن ڈے اور 51ٹی ٹونٹی مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرچکے ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا بہترین سکور 260رنز ہے جو یقینا کسی ”پھٹیچر“ کھلاڑی کے بس کی بات نہیں ہے ۔

برطانیہ کے کرس جورڈن پاکستانیوں کے لیے تو شاید بڑا نام نہ ہو لیکن برطانیہ میں بہت سے لوگ انہیں ”یارکر سپیشلسٹ“ کے نام سے جانتے ہیں ،28سالہ جورڈن 8ٹیسٹ میچز میں 21،31ون ڈے مقابلوں میں 43اور 22ٹی ٹونٹی میچز میں 26وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔جنوبی افریقہ کے37سالہ وکٹ کیپر بلے بازمورنے وین ویک 17ون ڈ ے میچز میں پروٹیز کے لیے 425رنز سکور کرچکے ہیں اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں 20اور لسٹ اے مقابلوں میں 23سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں ،اپنے ملک کی کیپ حاصل کرکے انٹر نیشنل سطح پر اس کی نمائندگی کرنا کتنے اعزاز کی بات ہے یہ ہر کرکٹ شائق جانتا ہے ۔

پاکستان کا دورہ کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں بنگلہ دیش کے انعام الحق اور زمبابوے کے سین اروائن بھی انٹر نیشنل مقابلوں میں اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ زمبابوے کے ایلٹن چگمبھرا کے نام سے تو پاکستانی شائقین واقف ہی ہوں گے جو مئی 2015ءمیں زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں ۔

وقت اشاعت : 07/03/2017 - 13:44:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :