پاکستان کرکٹ بورڈکے اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے فاسٹ باؤلر محمدعرفان اور شاہ زیب حسن کو اگلے ہفتے طلب کرلیا

جمعہ 10 مارچ 2017 23:47

پاکستان کرکٹ بورڈکے اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے فاسٹ باؤلر محمدعرفان اور شاہ زیب حسن کو اگلے ہفتے طلب کرلیا
لاہور۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈکے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے فاسٹ باؤلر محمدعرفان اور شاہ زیب حسن کو بھی اگلے ہفتے طلب کرلیا ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین نے میڈیا کو بتایا کہ محمد عرفان کو آئندہ پیر کو طلب کیا گیا ہے جبکہ شاہ زیب حسن منگل کے روز اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔

دونوں کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاس موجود تمام تر تفصیلات اور معلومات سے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کریں۔اگر یہ دونوں قصور وار پائے گئے تو انھیں باضابطہ طور پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔۔امجد حسین کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن یونٹ دونوں کھلاڑیوں سے سوال جواب کے بعد چارج شیٹ کا فیصلہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 'دونوں کھلاڑیوں کو ان کے خلاف انکوائری اورثبوت کے حوالے سے جواب دینا پڑے گا اور پی سی بی ان کے خلاف چارج شیٹ تیار کرے گا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سپاٹ فکسنگ کیس میں مبنہ طور پر ملوث اور عبوری طور پر معطل ہونے والے کرکٹرز خالد لطیف اورشرجیل خان کے خلاف ٹریبیونل کی تفتیش اگلے ہفتے متوقع ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے افتتاحی میچ کے بعد لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا الزام دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو عبوری طور پر معطل کرکے پاکستان واپس بلوالیا گیا تھا۔

پی سی بی کے نوٹس پر دونوں کھلاڑیوں نے الزامات کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے تحقیقات کے لیے سابق جج کی سربراہی میں تین رکنی ٹریبیونل قائم کر دیا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر محمد عرفان، کراچی کنگز کے شاہزیب حسن اور کوئٹہ گلیڈی ایڈیٹرز کے ذوالفقار بابر سے پوچھ گچھ کی اطلاعات تھیں تاہم انھیں پی ایس ایل کے میچوں میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں محمد عرفان نے اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کی تھی جبکہ شاہ زیب کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل تھے۔شاہ زیب حسن کے بارے میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا تھا کہ ان کو کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ محمد عرفان کے بارے میں بھی پہلے یہی بتایا گیا تھا کہ وہ بھی کلیئر کر دیے گئے ہیں تاہم بعد میں بتایا گیا کہ وہ کلیئر نہیں ہوئے ہیں اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرپشن اسکینڈل کے معاملے پر تین رکنی ٹریبونل بھی تشکیل دیا ہے لیکن ابھی تک اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی ٹریبونل اپنا کام شروع کرے لگا ۔شاہ زیب حسن اور محمد عرفان دونوں کھلاڑی پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے اور کھلاڑیوں سے اسپاٹ فکسنگ میں مبیبہ طورپر بکیز سے رابطوں کے حوالے سے سوالات پوچھے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 10/03/2017 - 23:47:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :