ڈیونیڈن ٹیسٹ، جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنا لئے

ہفتہ 11 مارچ 2017 12:08

ڈیونیڈن ٹیسٹ، جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنا لئے
ڈونیڈن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) جنوبی افریقہ نے ڈونیڈن ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنا لئے اور اسے 191 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، ڈین ایلگر نے 89 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان فاف ڈوپلیسی 56 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نیل ویگنر اور جیتن پاٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 38 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ڈین ایلگر 12 اور ہاشم آملہ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، ہاشم آملہ گزشتہ روز کے سکور میں محض ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد نیل ویگنر کا نشانہ بن گئے۔

ایلگر اور جے پی ڈومنی کے مابین 74 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ڈومنی 39 رنز بناکر نیل ویگنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

(جاری ہے)

ڈین ایلگر 89 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی انہیں جیتن پاٹیل نے کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا، تیمبا بووما چھ رنز بناکر مچل سینٹنر اور کوئنٹن ڈی کاک چار رنز بناکر جیتن پاٹیل کا شکار بنے۔ چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنالئے اور اسے 191 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، فاف ڈوپلیسی 56 اور ورنن فلینڈر ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ نیل ویگنر اور جیتن پاٹیل نے دو، دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 11/03/2017 - 12:08:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :