سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا

بدھ 15 مارچ 2017 14:49

سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2017ء) سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بورڈ ان کے خلاف جاری کی گئی حالیہ پریس ریلیز کو واپس لے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بائولر نے کہا کہ کرکٹ کے ڈھانچے میں بہتری لانے کے بجائے پی سی بی نے میری آواز کو دبانے کے لیے پریس ریلیز جاری کردی لیکن میں کرکٹ کی بہتری کے لیے آواز بلند کرتا رہوں گا ۔

سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ پہلے پی سی بی نے میری پینشن روکی اور اس کے بعد میری آواز کو دبانے کی بھی کوششیں کی گئیں، جو مضحکہ خیز ہے، پی سی بی سٹہ مافیا کو بچانے کے لیے مجھے دبانا چاہتی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ رواں برس کے آغاز میں عدالت نے اپنے فیصلے میں انہیں صرف ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نجم سیٹھی کے خلاف الزامات عائد کرنے سے روکا تھا، پی سی بی کے خلاف نہیں۔

(جاری ہے)

سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ میں نے بشمول نجم سیٹھی کسی پر بھی جھوٹے الزامات نہیں لگائے، میں سچائی پر یقین رکھتا ہوں اور ہمیشہ سچ بولتا رہوں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی نے ایک پریس ریلیز میں میڈیا کو خبردار کیا تھا کہ سابق ٹیسٹ فاسٹ بائولر کو میڈیا پر جگہ نہ دی جائے، دوسری صورت میں یہ توہین عدالت کے مترادف ہوگا۔اسی پریس ریلیز میں پی سی بی نے مزید کہا کہ حکم امتناعی کے باوجود سرفراز نواز نے اپنی زہریلی مہم جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ پی سی بی کے خلاف جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

تاہم سرفراز نواز نے عدالتی فیصلے کو بنیاد بنا کر قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا کہ عدالت نے واضح طور پر کہا ہے کہ سرفراز نواز کی جانب سے نجم سیٹھی کے خلاف ذاتی حیثیت میں کسی قسم کے جھوٹے الزامات عائد نہیں کیے جائیں گے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔تاہم پی سی بی کے ترجمان امجد بھٹی نے سرفراز نواز کی پینشن کی بندش اور قانونی نوٹس کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
وقت اشاعت : 15/03/2017 - 14:49:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :