ویلنگٹن ٹیسٹ کا پہلا روز، نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 268 پر آئوٹ، ہینری نکولس کی سنچری، ڈومنی نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جنوبی افریقہ نے 24 پر 2 وکٹیں گنوا دیں

جمعرات 16 مارچ 2017 12:04

ویلنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ویلنگٹن میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 268 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ہینری نکولس نے سنچری سکور کی، جے پی ڈومنی نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے 24 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 244 رنز درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بیسن ریزرو، ویلنگٹن میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کے 5 کھلاڑی 101 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے، ٹام لیتھم 8 ، کپتان کین ولیمسن 2 ، نیل بروم صفر، جیت راول 36 اور جیمز نیشم 15 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر ہینری نکولس اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور چھٹی وکٹ میں 116 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 217 تک پہنچا دیا، ہینری نکولس نے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی اور 118 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر جے پی ڈومنی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کولن ڈی گرینڈ ہوم 4 ، بی جے واٹلنگ 34 ، ٹم سائودی 27 اور نیل ویگنر 2 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ جیتن پٹیل 17 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

(جاری ہے)

جے پی ڈومنی نے 4 جبکہ مورنے مورکل، کگیسو ربادا اور کیشوو یادیو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن بھی لڑکھڑا گئی اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 24 کے مجموعی سکور پر اس کی 2 وکٹیں گر گئیں، سٹیفن کک 3 اور ڈین ایلگر 9 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، کگیسو ربادا 8 اور ہاشم آملہ صفر پر ناٹ آئوٹ ہیں، ٹم سائودی اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 16/03/2017 - 12:04:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :