سیاست خواہشات یا مفادات کا نام نہیں اس کیلئے اندر کی ’’انا‘‘ کو عوامی خدمت اور ملک کیلئے قربان کرنا ہوگا ‘پرویز ملک

انتشار اور منفی سیاست کے ذریعے انسانیت کی خدمت نہیں ہوتی ،بعض سیاسی بونے سی پیک کیخلاف برسر پیکار ہیں کامیاب نہیں ہونگے

پیر 20 مارچ 2017 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ انتشار اور منفی سیاست کے ذریعے انسانیت کی خدمت نہیں ہوتی اس کے لئے احساس اورعملی اقدامات کرنا بہت ضروری ہے،’’ٹائٹس فلٹر کلینک ‘‘کا افتتاح اور ’’کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ ‘‘کا افتتاح (ن)لیگ حکومت کی حکومت کا ایک اہم سنگ میل ہے،دہشت گردی ایک بین القوامی مسئلہ ہے، جس کا ہم سب نے ملکر مقابلہ کرنا ہے،اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے،سیاست ذاتی خواہشات یا مفادات کا نام نہیں بلکہ اس کے لئے اپنے اندر کی ’’انا‘‘ کو عوام کی خدمت اور ملک کے لئے قربان کرنا ہوگا،ہماری حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ریاست کے ہر فرد کو ایک مفید شہری بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پررمضان صدیق بھٹی،غزالی سلیم بٹ،چوہدری محمد شہباز،سید توصیف شاہ ،عامر خان ،چوہدری عبدالمجید نمبردار،احسن شرافت،میاں اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف چین کا منصوبہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کا بھی منصوبہ ہے،اس سے نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان کے نوجوان کے لئے بہترین روزگار بھی ہوگا اور ملکی معیشت بھی مضبوط اوربہترین پوزیشن میں ہوگی ، انہوں نے کہا کہ جو ممالک پاکستان سے دور بھاگتے تھے اب وہ پاکستان کے قریب آنے کی کوشش کررہے ، صرف اس لئے کہ پاکستان اب آگے بڑھ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بعض ہمارے اپنے نام نہاد سیاستدان غیروں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے سی پیک کے خلاف برسر پیکار رہے ہیں اور سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوکشش کرتے رہے ہیں،لیکن وہ ناکام ہوں گے۔

پاکستان انشاء اللہ ترقی کرے گا اور دنیا پاکستان کی طرف معاشی بہتری کے لئے رخ کرے گی۔
وقت اشاعت : 20/03/2017 - 16:08:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :