اسلام آباد نے فیصل آباد کو شکست دیکر پی اے ایف ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ جیت لیا

بدھ 22 مارچ 2017 16:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) اسلام آباد نے فیصل آباد کو شکست دیکر پی اے ایف ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ جیت لیا۔فائنل میں اسلام آباد نے فیصل آباد کو 57 رنز سے شکست دی۔اسلام آباد کے محمد ارسلان کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔بدھ کو پی اے ایف کرکٹ گرائونڈ ای نائن اسلام آباد میں کھیلے گئے فائنل میچ میں اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 277رنز سکور کئے۔

محمد ارسلان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 152رنز کی شاندار اننگ کھیلی ۔ جواب میں فیصل آباد کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 220رنز بنا سکی ۔ محمد کامران نے 115 رنز سکور کئے۔

(جاری ہے)

فاتح ٹیم کی طرف سے وقار سعید اور شاہ زیب نے دو ‘ دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اسلام آباد کے محمد ارسلان کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا جبکہ بی ون میں ایبٹ آباد کے ریاست خان ‘ بی ٹو میں اسلام آباد کے یاسر عندلیب اور بی تھری میں فیصل آباد کے محمد کامران کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ اسلام آباد کے زاہد عباس کو بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز دیا گیا۔

فائنل کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایئر مارشل عاصم ظہیر تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
وقت اشاعت : 22/03/2017 - 16:33:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :