سپاٹ فکسنگ کی تحقیقات جاری رہیں گی، بکیز کیخلاف آخری حد تک جائیں گے:چوہدری نثار

بدھ 22 مارچ 2017 17:34

سپاٹ فکسنگ کی تحقیقات جاری رہیں گی، بکیز کیخلاف آخری حد تک جائیں گے:چوہدری نثار
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22مارچ ۔2017ئ)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے ایف آئی اے سپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات جاری رکھے گا اور اس کے لیے اسے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پی سی بی اور ایف آئی اے میں اختلافات کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں تاہم وہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ انہوں نے ایف آئی اے کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات جاری رکھے اور پی سی بی اورایف آئی اے میٹنگ کرکے طریقہ کار طے کریں ،کچھ اختیارات ایف آئی اے کے پاس ہیں جو پی سی بی کے پاس نہیں ہیں اور کچھ اختیارات پی سی بی کے پاس ہیں جو ایف آئی اے کے پاس نہیں ہیں،ایف آئی اے کو کسی ادارے کو لکھ کر دینے یا اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ فکسنگ کے معاملے پر کرکٹرز پر پابندی لگی جو تکلیف دہ اور تضحیک آمیز واقعہ تھا، ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں اور پاکستان کا امیج متاثر کرنے والے واقعات کا تدارک چاہتے ہیں ،ایف آئی اے تفتیش میں ابھی یہ بات سامنے نہیں آئی کہ معاملے میں کون کون ملوث ہے۔چوہدری نثارکا مزید کہنا تھا کہسپاٹ فکسنگ کے تانے بانے ملک سے باہر ملتے ہیں ، ایف آئی اے بکیز کیخلاف بھی کارروائی کرے گا ،بکیز پاکستان میں ہوں ، دبئی میں یا بھارت میں جہاں تک پہنچ ہوگی ان تک پہنچیں گے،سپاٹ فکسنگ کا معاملہ ہمارے لیے تشویشناک اور تکلیف دہ ہے ، ایسے لوگوں پر زمین تنگ کریں گے جو ملک کی بدنامی کا باعث بنیں گے،وقت آگیا ہے کہ برائی کی جڑ تک پہنچا جائے ۔

وقت اشاعت : 22/03/2017 - 17:34:56