پاک ویسٹ انڈیز سیریز کو پاکستانی کمپنیاں سپانسر کریںگی

بدھ 22 مارچ 2017 18:35

پاک ویسٹ انڈیز سیریز کو پاکستانی کمپنیاں سپانسر کریںگی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء)پی سی بی کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائلہ بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈکے مابین رواں ماہ کے آخری ہفتے سے شروع ہونے والی سیریز کو پاکستان کی کمپنیاں سپانسرکریں گی جس سے دونوں ملکوں کے مابین دوستی کے رشتے مزید پروان چڑھیں گے ، وہ رائل پام اینڈ کنٹری کلب لاہورمیں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے ’’لوگو‘‘کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہی تھیں اس موقع پران کے ہمراہ گروپ ڈائریکٹر مارکیٹنگ کیوموبائل ذیشان قریشی ،برائٹو پینٹس کے ڈائریکٹر سیلز عاطف ریاض سکہ ،پیل کے محمد شاہد ،جنید جمشید کے عدیل اختر ،ان ویریکس سولر پاور کے محمد ذاکر اور پی سی بی کے جی ایم انٹرنیشنل کرکٹ اپریشنز عثمان واہلہ بھی موجود تھے ،نائلہ بھٹی نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ویسٹ انڈیز کی ہوم سیریز کو پاکستانی کمپنیاں اسپانسر کررہی ہیں جو کہ بڑے اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کو ویسٹ انڈیز کی ہوم سیریز کی سپانسر شپ سے کوئی مالی فائدہ تونہیں ہوگا لیکن ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے راہ ہموار ہوگی اورپوری دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا۔ پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز کو کیو موبائل کپ ویسٹ انڈیز پاکستان سیریز کا نام دیا گیا ہے ،اس کے ٹائٹل سپانسر کیو موبائل ہیں جبکہ پریزینٹنگ اسپانسر برائٹو پینٹس ،کو اسپانسر جنید جمشید ،پیل اور ایسوسی ایٹ اسپانسر انویریکس سولر انویرٹرز ہیں ،اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ذیشان قریشی ،عاطف ریاض ،محمد شاہد اور عدیل اختر نے کہاکہ سپاٹ فکسنگ کیس کی وجہ سے کرکٹ کو سپانسر کرنے تھوڑی بہت دقت تو ہوتی ہے لیکن چند کرکٹرز کی غلطیوں کی سزا پوری قوم کونہیں دے سکتے۔

پوری قوم کرکٹ کیلئے دیوانی ہے۔اسلئے ہم کرکٹ کو اسپانسر کررہے ہیں۔قبل ازیں پی سی بی کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائلہ بھٹی نے اسپانسرکمپنیوں کے عہدیدران کے ہمراہ پاکستان ویسٹ انڈیز کی سیریز کے ’’لوگو‘‘کی رونمائی کی۔
وقت اشاعت : 22/03/2017 - 18:35:41