دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کا انتخاب صرف اور صرف میرٹ پر کیا گیا ہے ,انشاء اللہ ٹیم اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے سیریز میں کامیابی حاصل کرے گی، دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے اظہر علی اور سہیل خان کو کوچ مکی آرتھر کے کہنے پر ڈراپ نہیں کیا، کامران اکمل کا انتخاب گزشتہ دو سال کے دوران عمدہ کارکردگی پر کیا گیا ہے ,اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا دکھ ہے شرجیل خان ایک اچھا کھلاڑی تھا اس کے کیس میں ملوث ہونے کا افسوس ہے،چیف سلیکٹر انضمام الحق کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 23 مارچ 2017 20:00

دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کا انتخاب صرف اور صرف میرٹ پر کیا گیا ہے ,انشاء اللہ ٹیم اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے سیریز میں کامیابی حاصل کرے گی، دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے اظہر علی اور سہیل خان کو کوچ مکی آرتھر کے کہنے پر ڈراپ نہیں کیا، کامران اکمل کا انتخاب گزشتہ دو سال کے دوران عمدہ کارکردگی پر کیا گیا ہے ,اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا دکھ ہے شرجیل خان ایک اچھا کھلاڑی تھا اس کے کیس میں ملوث ہونے کا افسوس ہے،چیف سلیکٹر انضمام الحق کی میڈیا سے گفتگو
لاہور۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کا انتخاب صرف اور صرف میرٹ پر کیا گیا ہے اور انشاء اللہ ٹیم اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے سیریز میں کامیابی حاصل کرے گی ۔یہاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے اظہر علی اور سہیل خان کو کوچ مکی آرتھر کے کہنے پر ڈراپ نہیں کیا اور کامران اکمل کا انتخاب گزشتہ دو سال کے دوران عمدہ کارکردگی پر کیا گیا ہے۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے منتخب کی گئی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ دورے کیلئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی کوشش کی ہے، کچھ کھلاڑیوں کو باہر بھیج کر تربیت دلوانا چاہتے ہیں اور سینئرز کے ساتھ رہ کر جونیئرز بہت کچھ سیکھیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چھ ماہ میں ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑیوں کو رخصت ہونا ہے لہٰذا اسی بات کو مدنظر رکھ کر نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں موقع دیا گیا ہے، نئے کھلاڑیوں اور سینئرز کو ساتھ رکھ کر ٹیم بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامران اکمل نے گزشتہ دو سال کے دوران عمدہ کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے ان کا بطور بلے باز انتخاب کیا گیا ہے اور وکٹ کیپنگ کے فرائض کپتان سرفراز احمد ہی سرانجام دیں گے تاہم ضرور ت پڑنے پر ان سے وکٹ کیپنگ کروائی جاسکتی ہے ۔انضمام نے میڈیا میں جاری قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ سابق کپتان اظہر علی اور فاسٹ باؤلرز سہیل خان کو کوچ مکی آرتھر کے کہنے پر ڈراپ نہیں کیا۔

محمد حفیظ کی ٹیم میں سلیکشن کے بارے میں انضمام الحق نے کہا کہ حفیظ نے فٹنس ٹیسٹ پاس کیا اور وہ باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں میں ٹیم کے کام آئیں گے۔اسپاٹ فکسنگ اسکینڈ ل کے بارے میں انضمام نے نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا دکھ ہے اور باصلاحیت شرجیل خان ایک اچھا کھلاڑی تھا اور اس کے اس کیس میں ملوث ہونے کا افسوس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کرپشن پر پی سی بی اور آئی سی سی کا ایک مؤقف ہے اور میچ فکسنگ میں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کی جانب سے مقرر کردہ سزائیں ہی ملنی چاہئیں۔

انضمام نے نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ فکسنگ میں پڑ کر خود کو برباد نہ کریں اور کہا کہ 2010 میں بھی کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ پر سخت سزا دی گئی تھی اور موجودہ اسپاٹ فکسنگ کیس کا فیصلہ بھی قوانین کے مطابق ہی ہو گا۔انضمام الحق نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
وقت اشاعت : 23/03/2017 - 20:00:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :