پاکستان اور کالی آندھی کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز میں عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن کیلئے جنگ ہو گی

جمعہ 24 مارچ 2017 20:19

پاکستان اور کالی آندھی کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز میں عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن کیلئے جنگ ہو گی
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) پاکستان اور دو مرتبہ کی ٹی ٹونٹی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان رواں ہفتے شیڈول چار ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیم رینکنگ میں تیسری پوزیشن کیلئے جنگ ہو گی۔ پاکستان اور کالی آندھی کے درمیان سیریز کا آغاز (کل) اتوار سے ہو گا۔

جمعہ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز میں دونوں ٹیموں کے پاس رینکنگ میں تیسری پوزیشن پانے کا موقع ہو گا، موجودہ رینکنگ کے تحت پاکستان اس وقت چھٹے اور کالی آندھی چوتھے نمبر پر موجود ہے، آئی سی سی کے مطابق اگر پاکستان، کالی آندھی کے خلاف سیریز 4-0 سے جیتنے میں کامیاب رہا تو وہ 118 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ جائے گا، 3-1 سے فتح کی صورت میں گرین شرٹس دو درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ سکتی ہے، اسی طرح کالی آندھی کی ٹیم بھی سیریز میں وائٹ واش کی صورت میں 123 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ سکتی ہے، اگر یہ سیریز 3-1 سے بھی جیت لے تو پھر بھی اس کے پاس ایک درجے ترقی پانے کا موقع ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ پہلے نمبر پر براجمان ہے، بھارت دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، انگلینڈ پانچویں، آسٹریلیا ساتویں اور سری لنکا کا آٹھواں نمبر ہے۔
وقت اشاعت : 24/03/2017 - 20:19:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :